رسائی کے لنکس

ہندوستان میں غریبوں کی تعداد میں10کروڑ کا اضافہ


ہندوستان میں غریبوں کی تعداد میں10کروڑ کا اضافہ
ہندوستان میں غریبوں کی تعداد میں10کروڑ کا اضافہ

بھارت کے سب سےاعلیٰ پالیسی ساز ادارے، منصوبہ بندی کمیشن کے تازہ سروے کے مطابق ملک میں غریبی کی شرح 27.5سے بڑھ کر 37.2ہوگئی ہے۔ یعنی پچھلے تخمینے کے برعکس اب ملک میں غریبوں کی تعداد میں 10کروڑ افراد کا اضافہ ہوگیا ہے۔

اِس کا مطلب یہ ہوا کہ اب بھارت میں خطِ افلاس سے نیچے رہنے والے شہریوں کی تعداد 41کروڑ تک پہنچ گئی ہے۔

کانگریس کی قیادت والی متحدہ ترقی پسند اتحاد (یوپی اے) کی حکومت نے تمام غریب شہریوں کو غذائی تحفظ فراہم کرنے کا عہد کیا تھا۔ کانگریس کی سربراہ اوریو پی اےکی چیئرپرسن، سونیا گاندھی نے حکومت کو خوراک کے تحفظ کے بِل میں ترمیم کرنے کی ہدایت دی ہے، تاکہ اِس کے تحت مزید غریب عورتوں اور بچوں کی مدد کی جاسکے۔

غربت کےبارے میں منصوبہ بندی کمیشن کے نئے تخمینے سے حکومت پر اقتصادی بوجھ کتنا بڑھ جائے گا، إِس کا ابھی اندازہ نہیں لگایا جاسکتا۔ تاہم، حکومت خطِ افلاس سے نیچے رہنے والے اپنے تمام شہریوں کو رعایتی قیمت پر چاول اور گندم فراہم کرنے کے اپنے عہدپر کاربند ہے۔ اِس پروگرام کا مقصد ملک سے فاقہ کشی کا خاتمہ ہے۔

دنیا کے غریب انسانوں کی ایک تہائی آبادی بھارت میں بستی ہے۔ یوں تو ملک نے بہت ترقی کرلی ہے اور گاؤں گاؤں میں انٹرنیٹ اور موبائل فون کا سیلاب آگیا ہے، تاہم دیہی علاقوں میں رہائش پذیر غریب باشندوں کو خوراک کا مسئلہ درپیش ہے، کیونکہ کھانے پینے کی چیزوں میں 17فی صد کا اضافہ ہوگیا ہے۔

XS
SM
MD
LG