رسائی کے لنکس

بھارت نے کینیڈا کے شہریوں کے لیے ویزہ سروس معطل کر دی


CANADA Passport --- -- TURKEY
CANADA Passport --- -- TURKEY

بھارت نے کینیڈا کے شہریوں کے لیے ویزہ سروس معطل کر دی ہے جس کا اطلاق فوری طور پر ہو گا۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق ویزہ کے لیے معاونت فراہم کرنے والی کمپنی بی ایل ایس انٹرنیشنل نے بھارتی مشن کے حوالے سے کہا ہے کہ کینیڈین شہریوں کے لیے بھارت کے ویزے معطل کر دیے گئے ہیں۔

بی ایل ایس کے مطابق بھارتی مشن نے ویزوں کی معطلی کی وجہ آپریشنل مسائل کو قرار دیا ہے۔

بھارتی مشن کے مطابق ویزوں کا اجرا تاحکمِ ثانی معطل رہے گا۔

کینیڈا کے وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو نے پیر کو پارلیمنٹ میں خطاب کرتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ کینیڈین شہری ہردیپ سنگھ نجر کے قتل میں بھارت کے ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں۔

تاہم بھارت نے ان الزامات کی تردید کی تھی۔

جسٹن ٹروڈو کے الزامات کے بعد دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات میں کشیدگی پائی جاتی ہے۔

دونوں ممالک ایک دوسرے کے سفرا کو ملک چھوڑنے کے احکامات جاری کر چکے ہیں۔

دوسری جانب امریکہ نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ ہردیپ سنگھ کے قتل کے معاملے میں کینیڈا کے ساتھ تعاون کرے۔

برطانیہ سمیت کینیڈا کے دیگر اتحادی ممالک اس معاملے پر خاموش ہیں۔

’رائٹرز‘ کے مطابق برطانیہ نے بھارت کی مذمت کرنے سے انکار کیا ہے اور کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ دو طرفہ تجارت معمول کے مطابق جاری رہے گی۔

سفارتی عملے میں بھی کمی کا عندیہ

کینیڈا کے ہائی کمیشن نے جمعرات کو کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر اسٹاف کو ملنے والی دھمکیوں کے بعد وہ بھارت میں اپنے سفارت کاروں کی تعداد کو 'ایڈجسٹ' کرے گا۔

خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق کینیڈا کے مشن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ موجودہ کشیدہ صورتِ حال کی روشنی میں ہم اپنے سفارت کاروں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ کچھ سفارت کاروں کو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر دھمکیاں موصول ہوئی ہیں۔ گلوبل افیئرز کینیڈا بھارت میں اپنے اسٹاف سے متعلق صورتِ حال کا جائزہ لے رہا ہے۔

مشن کے بقول احتیاط کے طور پر ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ بھارت میں اپنے اسٹاف کی موجودگی کو عارضی طور پر ایڈجسٹ کیا جائے۔

اس خبر میں معلومات خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ سے حاصل کی گئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG