رسائی کے لنکس

بھارت کا زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل کا تجربہ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

حکام کے بقول درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے میزائل کا یہ تجربہ کامیاب رہا اور "اس نے اپنے تمام اہداف حاصل کیے۔"

بھارت نے جمعرات کو زمین سے فضا میں مار کرنے والے ایک نئے بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے۔

بھارتی ذرائع ابلاغ نے دفاعی تحقیق و ترقی کے ادارے کے حوالے سے بتایا کہ اسرائیل کے اشتراک سے تیار کردہ "باراک۔ آٹھ" نامی یہ میزائل ریاست اوڑیسہ کے ساحلی علاقے چندی پور کی تنصیب سے چھوڑا گیا۔

حکام کے بقول درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے میزائل کا یہ تجربہ کامیاب رہا اور "اس نے اپنے تمام اہداف حاصل کیے۔"

حکام کا کہنا تھا کہ اس میزائل میں نگرانی، ہدف سے متعلق خبردار کرنے والا راڈار سسٹم، پیچھا کرنے اور راہنمائی دینے والے مختلف آلات نصب ہیں۔

بتایا گیا کہ یہ میزائل کسی بھی فضائی خطرے کو پسپا کرنے کی صلاحیت کا بھی حامل ہے۔

یہ میزائل اسرائیل کی ایرواسپیس انڈسٹریز کے اشتراک سے بھارت کے دفاعی تحقیق و ترقی کی حیدرآباد میں واقع لیبارٹری میں تیار کیا گیا۔

بھارت نے رواں سال کے اوائل میں بھی بیلسٹک میزائل کا تجربہ کرنے کا بتایا تھا جس پر اس کے پڑوسی ملک اور روایتی حریف پاکستان کی طرف سے شدید ردعمل سامنے آیا تھا۔

پاکستان ان تجربات کو خطے میں اسلحے کی دوڑ تصور کرتے ہوئے دعویٰ کرتے ہوئے اسے علاقائی امن کے لیے مضر قرار دیتا ہے۔

XS
SM
MD
LG