رسائی کے لنکس

بھارت: 180 ممالک کے شہریوں کو آمد پر ویزہ دینے کا اعلان


جن آٹھ ملکوں کے شہریوں کو یہ سہولت حاصل نہیں ہوگی ان میں پاکستان کے علاوہ افغانستان، ایران، سوڈان، عراق، نائجیریا، صومالیہ اور سری لنکا شامل ہیں۔

بھارت کی حکومت نے ملک میں داخلے پر ویزوں کے اجرا کی سہولت 180 ممالک کے شہریوں تک بڑھانے کا اعلان کیا ہے جس سے امکان ہے کہ ملک میں سیاحت کو فروغ ملے گا۔

لیکن 'ویزا آن ایرائیول' کی یہ سہولت دنیا کے آٹھ ملکوں کے شہریوں کو حاصل نہیں ہوگی جس میں بھارت کے پڑوسی ملک پاکستان اور سری لنکا بھی شامل ہیں۔

بھارت کے وزیر برائے منصوبہ بندی راجیو شکلا کے مطابق ابتدائی طور پر حکومت کوہوائی اڈوں پر ویزہ فراہمی کی سہولت 40 ملکوں تک بڑھانے کی تجویز دی گئی تھی جو اس وقت صرف11 ملکوں کے سیاحوں کو حاصل ہے۔

ان 11 ملکوں میں جاپان، فن لینڈ، سنگاپور، انڈونیشیا، لگسمبرگ، نیوزی لینڈ، کمبوڈیا، ویتنام، فلپائن، لاؤس اور برما شامل ہیں۔

تاہم راجیو شکلا کے مطابق بھارتی حکومت نے اب اس سہولت کو 180 ممالک کے سیاحوں تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے جس سے ان کے بقول ملک میں سیاحت کو زبردست فروغ حاصل ہوگا۔

بھارتی وزیر نے صحافیوں کو بتایا کہ حکومت نے اس بارے میں انتظامات شروع کردیے ہیں اور فیصلے پر عمل درآمد رواں سال ستمبر سے شروع ہونے کا امکان ہے۔

نئی پالیسی کے تحت 180 ممالک کے سیاحوں کو بھارت آمد سے کم از کم تین روز قبل ایک ویب سائٹ کے ذریعے ویزہ کی درخواست اور آن لائن فیس جمع کرانا ہوگی جس کےبعد انہیں بھارت پہنچنے پر ہوائی اڈے پر ہی 30 روز کے لیے ویزہ جاری کردیا جائے گا۔

بھارتی وزیر کے مطابق 'ویزا آن ایرائیول' کی یہ سہولت بھارت کے 26 بڑے ہوائی اڈوں پر فراہم کی جائے گی ۔

تاہم بھارتی وزیر نے آٹھ ممالک کے سیاحوں کو 'ویزہ آن ایرائیول' کی فہرست سے باہر رکھنے کی وجوہات بتانے سے گریز کیا۔

جن آٹھ ملکوں کے شہریوں کو یہ سہولت حاصل نہیں ہوگی ان میں پاکستان کے علاوہ افغانستان، ایران، سوڈان، عراق، نائجیریا، صومالیہ اور سری لنکا شامل ہیں۔

ان ملکوں کے شہریوں کو بھارت جانے کے لیے بدستور اپنے ملک میں موجود بھارتی سفارت خانوں سے ویزہ حاصل کرنا ہوگا۔
XS
SM
MD
LG