رسائی کے لنکس

بھارتی سفارت کار زیرحراست و رہا، دہلی میں امریکی سفیر طلب


بھارتی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ امریکی حکام کی طرف سے سفارت کار کے ساتھ روا رکھے جانے والے رویے پر بھارت کو ’صدمہ اور حیرانی‘ ہوئی ہے

بھارت کا کہنا ہے کہ ویزا جعل سازی کے الزام میں نیویارک میں بھارت کے ایک سفارت کار کو حراست میں لیے جانے کے معاملے پر نئی دہلی میں تعنات امریکی سفیر کو طلب کیا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ معاون قونصل جنرل، دیویانی کھبراگاد کی گرفتاری کے معاملے پر بات چیت کے لیے سفیر نینسی پاویل کو جمعے کے روز سکریٹری خارجہ، سجاتھا سنگھ سے ملاقات کے لیے بلایا گیا۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ کھبراگاد کو جمعرات کے دِن لوگوں کے سامنے ہتھ کڑی پہنا کر حراست میں لیا گیا، ایسے وقت جب وہ نیویارک کی ایک گلی سے گزر رہی تھیں۔ بعدازاں، عدالت کے سامنے جرم سے انکار کی استدعا اور 250000ڈالر کی ضمانت دینے پر اُنھیں رہا کیا گیا۔

بھارتی وزارتِ خارجہ کے ایک ترجمان، سید اکبرالدین نے کہا ہے کہ امریکی حکام کی طرف سے کھبراگاد سے روا رکھے جانے والےرویے پر بھارت کو ’صدمہ اور حیرانی‘ ہوئی ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ اس قسم کا رویہ، بقول اُن کے، ’بالکل ناقابلِ قبول‘ ہے، اور اس بات کی طرف توجہ دلائی کہ اُن کی وزارت اس معاملے کے حل کے لیے کام کر رہی ہے۔

کھبراگاد پر الزام ہے کہ اُنھوں نےاپنے گھر پر ملازم ایک بھارتی شہری کےویزا کی درخواست پُر کرتے وقت غلط بیانی سے کام لیا تھا۔
XS
SM
MD
LG