رسائی کے لنکس

بھارتی کشمیر میں جھڑپ، فوجی کرنل سمیت چار ہلاک


فائل
فائل

ضلع پولیس کے سربراہ نے صحافیوں کوبتایا ہے کہ جھڑپ میں ایک پولیس اہلکار اور دو جنگجو بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر میں مسلح علیحدگی پسندوں اور فوج کے درمیان ایک جھڑپ میں کرنل سمیت چار افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

پولیس کے مطابق فوجی کرنل ضلع پلوامہ کے ایک گاوں میں مشتبہ علیحدگی پسندوں کے خلاف کارروائی کی قیادت کر رہے تھے جب انہیں جنگجووں نے نشانہ بنایا۔

ضلع پولیس کے سربراہ طاہر سلیم نے صحافیوں کوبتایا ہے کہ جھڑپ میں ایک پولیس اہلکار اور دو جنگجو بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق مقتول کرنل وادیٔ کشمیر میں گزشتہ ایک سال سے زائد عرصے کے دوران علیحدگی پسندوں کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے بھارتی فوج کے اعلیٰ ترین افسر ہیں۔

بھارتی حکام کے مطابق کرنل کو ان کی ہلاکت سے صرف ایک روز قبل ہی بھارتی حکومت نے کشمیر میں ان کی "گراں قدر خدمات اور بہادری" کے اعتراف میں تمغہ دینے کا اعلان کیا تھا۔

وادیٔ جموں و کشمیربھارت اور پاکستان کے درمیان منقسم ہے اور دونوں ہی ملک پورے خطے کی ملکیت کے دعویدار ہیں۔

جموں و کشمیر کے بھارت کے زیرِانتظام حصے میں 1989ء سے علیحدگی پسندی اور پاکستان سے الحاق کی مسلح تحریک جاری ہے جس میں ا ب تک ہزاروں افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

علیحدگی کی تحریک پر قابو پانے کے لیے وادی میں گزشتہ 25 برسوں سے بھارتی فوج کے لاکھوں سپاہی تعینات ہیں۔

کئی ماہ کی خاموشی کے بعد بھارتی کشمیر میں حالیہ ہفتوں کے دوران علیحدگی پسندوں کی کارروائیوں میں دوبارہ شدت آئی ہے اور بھارتی فوج کے ہاتھوں مختلف کارروائیوں میں صرف رواں ماہ اب تک 10 مبینہ جنگجو مارے جاچکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG