رسائی کے لنکس

بھارتی کشمیر میں ریموٹ کنٹرول دھماکے میں چار پولیس اہلکار ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

یوسف جمیل

سنیچر کو نئی دہلی کے زیرِ انتظام کشمیر کے سوپور شہر میں ریموٹ کنٹرول کی مدد سے کئے گئے ایک ٖخوفناک دھماکے میں چار پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے۔

عہدیداروں نے بتایا کہ بارودی سرنگ نما بم ایک بند دکان کے تھڑے کے نیچے نصب کیا گیا تھا اور جونہی پولیس اہلکاروں کا ایک ٹولا وہاں سے گزرنے لگا، عسکریت پسندوں نے اسے ریموٹ کنٹرول کی مدد سے اُڑادیا۔ دھماکے میں نصف درجن دکانیں تباہ ہوگئیں اور آس پاس کی کئی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔

یہ واقعہ ایسے موقعے پر پیش آیا جب دارالحکومت سرینگر سے تقریبا" پچاس کلو میٹر شمال مغرب میں واقع سوپور میں پچیس سال پہلے بھارت کے سرحدی حفاظتی دستے بی ایس ایف کے ہاتھوں مارے گئے 57 شہریوں کی یاد میں ایک روزہ عام ہڑتال کی جارہی تھی۔

بھارتی کشمیر میں ریموٹ کنٹرول دھماکے میں چار پولیس اہلکار ہلاک
please wait

No media source currently available

0:00 0:02:56 0:00

6 جنوری 1993 کو عسکریت پسندوں کی جانب سے بی اس ایف اہکاروں پر کیے گئے ایک مبینہ حملے کے جواب میں بی ایس ایف کے جوانوں نے سوپور کے مرکزی علاقے میں بدلے کی کارروائی کے طور پر عام شہریوں پر اندھا دھند فائرنگ کی تھی اور املاک کو نذرِ آتش کیا تھا۔

عسکری تنظیم جیشِ محمد نے دھماکہ کرنے کی ذمہ داری قبول کی ہے اور کہا ہے کہ اس کے شہید افضل گورو اسکارڈ نے پولیس اہلکاروں کو ہدف بنا کرپانچ کو ہلاک اور کئی ایک کو زخمی کردیا۔

واضح رہے تقریبا" سولہ برس پہلے بھارتی پارلیمان پر ہوئے دہشت گرد حملے میں مجرم قرار دیئے گئے کشمیری باغی محمد افضل گورو کا تعلق سوپور سے تھا۔ گورو کو 9 فروری 2013 کو دِلّی کی تہاڑ جیل میں پھانسی دی گئی تھی۔

سرینگر میں پولیس کے ایک ترجمان نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ مقامی تاجر انجمنوں اور استصوابِ رائے کا مطالبہ کرنے والے کشمیری قائدین کے اتحاد کی طرف سے دی گئی ہڑتال کے لئے اپیل کے پیشِ نظر علاقے میں انتہائی سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے اور جو پولیس اہلکار بم دھماکے کی زد میں لائے گئے وہ شہر کے گول مارکیٹ کے علاقے میں پیدل گشت پر تھے۔

انسپکٹر جنرل آف پولیس منیر احمد خان نے بتایا کہ عسکریت پسندوں نے 2015 کے بعد پہلی مرتبہ سڑک کنارے نصب ریموٹ کنٹرول دھماکہ کیا ہے اور اب حفاظتی دستوں کو اس صورتِ حال کا مقابلہ کرنے کے لئے موزوں حکمتِ عملی ترتیب دینی ہوگی۔

وزیرِ اعلیٰ محبوبہ مفتی نے پولیس اہلکاروں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا ۔"مجھے سوپور میں ہوئے آئی ای ڈی دھماکے میں چار پولیس اہلکاروں کے مارے جانے کی خبر سن کر دکھ ہوا ہے۔ میں اُن کے لواحقین کو گہری تعزیت پیش کرتی ہوں"۔

XS
SM
MD
LG