رسائی کے لنکس

بھارتی کشمیر میں دو عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ


Kashmir Security forces-3
Kashmir Security forces-3

پولیس کا کہنا ہے دونوں عسکریت پسند 26 جنوری کو بھارتی جمہوریہ کے موقع پر عام شہریوں اور سیکورٹی فورسز پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

بھارتی زیر انتظام کشمیر میں آج منگل کے روز سرکاری فورسز نے لشکر طیبہ کے اُن دو غیر ملکی عسکریت پسندوں کو ایک جھڑپ میں ہلاک کیا جو پولیس کے مطابق ہندوستان کے یوم جمہوریہ کے موقع پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

پولیس کے مطابق آج علی الصبح ایک اطلاع کی بناء پر فورسز نے وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل کے ہڈورہ گاؤں کا محاصرہ کیا اور تلاش کی کارروائی شروع کی۔

پولیس کی مطابق گاؤں میں پہلے سے ہی موجود عسکریت پسندوں نے فورسز پر ایک مکان کے اندر سے فائرنگ کی جس کے بعد دونوں طرف سے فائرنگ کا سلسلہ جاری ہوا جو کئی گھنٹوں تک جاری رہا -

پولیس نے بتایا کہ اس جھڑپ میں فورسز نے لشکر کے دو عسکریت پسند وں کو ہلاک کر دیا جنہیں قاری حنزلاں اور ابو انس کے طورپر شناخت کیا گیا۔

ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولا بارود بھی برآمد کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دونوں عسکریت پسندوں کا تعلق پاکستان سے تھا اور وہ 2013 سے سرینگر اور گاندربل کے اضلاع میں عسکری کارروائیوں میں مصروف تھے۔

پولیس کے دعوے میں کہا گیا ہے وہ دونوں 26 جنوری کو بھارتی جمہوریہ کے موقع پر اپنے پاکستانی معاونین کی مدد سے پر عام شہریوں اور سیکورٹی فورسز پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

پولیس نے یہ بھی کہا کہ یہ عسکریت پسند پچھلے سال بھارتی یوم آزادی کے موقع پر سرینگر میں ہونے والے ایک بڑے حملے میں بھی ملوث تھے۔

پاکستان کی جانب سے اس طرح کے الزامات عموماً مسترد کر دیئے جاتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG