کشمیر کے متنازع علاقے کے بھارتی کنٹرول کے حصّے میں پولیس نے کہا ہے کہ احتجاجی مظاہرین پر نفاذِ قانون کے ذمے دار حکام کی فائرنگ سے ایک عام شہری ہلاک اور متعدد لوگ زخمی ہو گئے۔
تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ احتجاج جمعے کے روز اُس وقت شروع ہوا تھا جب پولیس نے سری نگر سے تقریباً30 کلومیٹر شمال میں واقع ایک گاؤں کی ایک سڑک کو رکاوٹیں کھڑی کر کے بند کر دیا تھا۔مظاہرین کو شکایت تھی کہ رکاوٹوں نے کسی درگاہ کو جانے والا راستہ بند کر دیا ہے۔
مسلم اکثریت کے کشمیر میں بھارت کے خلاف جذبات بہت بھڑکے ہوئے ہیں۔ علیٰحدگی پسند مسلمان بھارت سے اس خطّے کی آزادی یا پاکستان کے ساتھ اس کے الحاق کے لیے کئى عشروں سے لڑ رہے ہیں۔