رسائی کے لنکس

بھارت: پولیس پر حملے کے بعد کشمیر میں کرفیو


سری نگر میں بدھ کو ہونے والی جھڑپ کے دوران میں بھارتی فوجی اہلکار پوزیشن لے رہے ہیں
سری نگر میں بدھ کو ہونے والی جھڑپ کے دوران میں بھارتی فوجی اہلکار پوزیشن لے رہے ہیں

کشمیر کے مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق حملے کی ذمہ داری پاکستان کے حامی علیحدگی پسند جنگجووں کی تنظیم 'حزب المجاہدین' نے قبول کی ہے۔

بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر میں ایک پولیس کیمپ پر حملے کے بعد وادی کے بیشتر علاقوں میں کرفیو نافذ کردیا گیا ہے۔

وادی کے گرمائی دارالحکومت سری نگر میں بدھ کو ہونے والے حملے کے ایک روز بعد وادی کے بیشتر علاقوں میں کرفیو نافذ ہے اور نظامِ زندگی عملاً مفلوج ہوچکا ہے۔

کرفیو زدہ علاقوں میں بھارتی فوج اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے دستے سڑکوں پر گشت کر رہے ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق بدھ کو دو مسلح افراد نے سری نگر میں قائم ایک نیم فوجی مرکز پر حملہ کرکے پانچ سپاہیوں کو ہلاک اور سات کو زخمی کردیا تھا۔

پولیس کی جوابی کاروائی میں دونوں حملہ آور بھی موقع پر ہی ہلاک ہوگئے تھے۔

تفتیشی حکام نے بتایا ہے کہ دونوں حملہ آور کرکٹ کھیلنے آنے والے مقامی لڑکوں کے ساتھ کیمپ سے متصل میدان تک پہنچے تھے جہاں انہوں نے اپنے بستوں میں چھپایا ہوا اسلحہ نکال کر سیکیورٹی اہلکاروں پر فائر کھول دیا تھا۔

میدان میں آنے والے مقامی لڑکوں میں سے کسی کو بھی اس جھڑپ میں کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

کشمیر کے مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق اس حملے کی ذمہ داری پاکستان کے حامی علیحدگی پسند جنگجووں کی تنظیم 'حزب المجاہدین' نے قبول کی ہے۔

جب کہ بھارتی حکام نے الزام عائد کیا ہے کہ حملہ آوروں کا تعلق پاکستان سے تھا جو پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر سے کنٹرول لائن پار کرکے بھارت کے زیرِ انتظام علاقے میں داخل ہوئے تھے۔

پاکستان کی وزارتِ خارجہ نے اس بھارتی الزام کی سختی سے تردید کرتے ہوئے واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرانے پر زور دیا ہے۔
XS
SM
MD
LG