رسائی کے لنکس

کیا نریندر مودی حیدرآباد کا نام تبدیل کرنے جا رہے ہیں؟


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بھارت کے وزیرِ اعظم نریندر مودی نے ایک تقریب کے دوران ریاست تلنگانہ کے شہر حیدرآباد کو کئی بار بھاگیہ نگر کہہ کر پکارا جس کے بعد یہ بحث ایک مرتبہ پھر چڑھ گئی ہے کہ کیا حکومت حیدرآباد کا نام تبدیل کرنے جا رہی ہے؟

حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی مرکزی مجلسِ عاملہ کے اجلاس سے اتوار کو خطاب کے دوران نریندر مودی نے کہا کہ یہ بھاگیہ نگر ہی تھا جہاں سے آزادی کی پہچان سمجھے جانے والے سردار پٹیل نے 'ایک بھارت' کا نعرہ لگایا تھا۔

بی جے پی کے رہنما روی شنکر پراساد نے وزیرِ اعظم مودی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ "وزیرِ اعظم مودی کا کہنا تھا کہ حیدرآباد بھاگیہ نگر تھا جو ہم سب کے لیے اہمیت کا حامل ہے۔ سردار پٹیل نے متحد بھارت کی بنیاد یہیں رکھی تھی اور اب یہ بی جے پی کی ذمے داری ہے کہ اسے آگے بڑھایا جائے۔"

بی جے پی کے رہنما ماضی میں یہ مطالبہ کرتے رہے ہیں کہ حیدرآباد کا نام تبدیل کر کے بھاگیہ نگر رکھا جائے۔

بھارتی نشریاتی ادارے 'این ڈی ٹی وی' کی رپورٹ کے مطابق مرکزی وزیر پیوش گویل کا کہنا ہے کہ جب بی جے پی ریاست میں برسرِ اقتدار آئے گی تو وزیرِ اعلیٰ اپنی کابینہ کے ساتھ مشورے کے بعد شہر کا نام تبدیل کرنے کا فیصلہ کریں گے۔

سال 2020 میں حیدرآباد میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے دوران بی جے پی رہنماؤں نے وعدہ کیا تھا کہ اگر وہ انتخابات میں کامیاب ہوئے تو حیدرآباد کا نام بھاگیہ نگر رکھ دیا جائے گا۔

اترپردیش کے وزیرِ اعلیٰ یوگی ادتیہ ناتھ نے بی جے پی امیدواروں کے لیے حیدرآباد میں انتخابی مہم چلائی تھی جس کے دوران انہوں نے ووٹرز کو کہا تھا کہ حیدرآباد کو بھاگیہ نگر میں تبدیل کرنے کے لیے بی جے پی کو ووٹ دیں۔

واضح رہے کہ ریاست تلنگانہ میں سیاسی جماعت ٹی آر ایس تلنگانہ راشٹرا سمیتھی کی حکومت ہے اور بی جے پی ریاست میں کمزور پوزیشن میں ہے۔

بی جے پی نے پارٹی اجلاس کے لیے حیدرآباد کا انتخاب کیوں کیا؟

بی جے پی کی جانب سے پارٹی کا سالانہ سپریم کونسل کا اجلاس دہلی کے بجائے حیدرآباد میں منعقد کیے جانے کو اس تناظر میں دیکھا جا رہا ہے کہ بی جے پی ریاست میں اہم مقام حاصل کرنا چاہتی ہے۔ اور حیدرآباد میں پارٹی کا اجلاس منعقد کیا جانا اس جانب اشارہ ہے کہ یہ پارٹی کے ایجنڈے میں اولین حیثیت رکھتا ہے۔

بھارتیہ جنتا پارٹی نے 2014 میں مرکز میں اقتدار حاصل کرنے کے بعد چوتھی مرتبہ دہلی سے باہر پارٹی کا سالانہ اجلاس منعقد کیا ہے۔ اس سے قبل 2015 میں پارٹی اجلاس بنگلورو، 2016 میں کیرالہ اور 2017 میں اڈیشہ میں ہوا تھا۔

XS
SM
MD
LG