رسائی کے لنکس

بھارت: جوہری بجلی گھر کے نزدیک دھماکے، چھ ہلاک


پسِ منظر میں بھارت کے جنوبی ساحلی ضلعے میں واقع 'کدن کلام' جوہری بجلی گھر نظر آرہا ہے (فائل)
پسِ منظر میں بھارت کے جنوبی ساحلی ضلعے میں واقع 'کدن کلام' جوہری بجلی گھر نظر آرہا ہے (فائل)

پولیس کو شبہ ہے کہ دونوں بم دھماکوں میں جوہری بجلی گھر کے منصوبے کے خلاف تحریک چلانے والے کارکن ملوث ہوسکتے ہیں۔

بھارت میں پولیس گزشتہ روز ایک جوہری بجلی گھر کے نزدیک ہونے والے بم دھماکوں کی تحقیقات کر رہی ہے جن میں چھ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

دھماکے منگل کو 'کدن کلام' کے جوہری بجلی گھر کے نزدیک واقع ایک گھر میں ہوئے تھے جو بھارت کی جنوبی ریاست تامل ناڈو کے ساحلی ضلع تیرونل ولی میں واقع ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اسے شبہ ہے کہ بجلی گھر سے نصف میل کے فاصلے پر واقع ایک گھر میں ہونے والے ان دونوں بم دھماکوں میں جوہری بجلی گھر کے منصوبے کے خلاف تحریک چلانے والے کارکن ملوث ہوسکتے ہیں۔

ایک مقامی پولیس افسر نے برطانوی خبر رساں ایجنسی 'رائٹرز' کو بتایا ہے کہ پولیس نےتین افراد کے خلاف واقعے کا مقدمہ درج کیا ہے جن میں سے ایک دھماکوں میں ہلاک جب کہ دیگر دو زخمی ہوئے ہیں۔

طویل عرصے تک التوا کا شکار رہنے والے بھارت کے اس جوہری بجلی گھر نے تقریباً پانچ ہفتے قبل پیدوار شروع کی تھی ۔ بجلی گھر روس کے تعاون سے تعمیر کیا گیا ہے جس سے اس وقت تقریباً 160 میگاواٹ بجلی حاصل ہورہی ہے۔

مقامی دیہاتی اور ماحولیات کے تحفظ کے لیے کام کرنے والی تنظیمیں اس جوہری بجلی گھر کے خلاف سخت احتجاج کرتی رہی ہیں جس کے باعث یہ منصوبہ لگ بھگ 25 برس تاخیر کا شکار رہا ہے۔

پولیس کی جانب سے شبہ ظاہر کرنے کے بعد ضلعے میں جوہری بجلی گھر کی مخالفت میں سرگرم سے سے بڑی تنظیم کے عہدیداران نے کہا ہے کہ ان کی تحریک سراسر پرامن ہے اور بم دھماکوں سے ان کا کوئی تعلق نہیں۔
XS
SM
MD
LG