رسائی کے لنکس

بھارت: جیل سے مفرور آٹھ مشتبہ شدت پسند 'پولیس کارروائی' میں ہلاک 


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پولیس کا کہنا  ہے کہ یہ مفرور ملزمان بھوپال شہر کے باہر  پولیس کے ساتھ ہونے والی ایک 'مسلح جھڑپ' کے دوران مارے گئے۔

بھارت کی وسطی ریاست مدھیہ پردیش کی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ صوبے کی ایک جیل سے فرار ہونے والے آٹھ مبینہ شدت پسندوں کو پولیس کی ایک 'کارروائی ' کے دوران ہلاک کر دیا گیا ہے۔

ہلاک ہونے والےافراد کا تعلق مشتبہ طور پر کالعدم شدت پسند تنظیم سٹوڈنٹس اسلامک موومنٹ آف انڈیا (سیمی) سے بتایا جاتا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ مفرور ملزمان بھوپال شہر کے باہر پولیس کے ساتھ ہونے والی ایک 'مسلح جھڑپ' کے دوران مارے گئے۔

قبل ازیں بھوپال شہر کی پولیس نے بتایا تھا کہ شہر میں واقع ایک جیل میں قید ایک کالعدم تنظیم کے آٹھ مشتبہ ارکان فرار ہو گئے۔

حکام کے مطابق یہ واقعہ پیر کی صبح بھوپال شہر میں پیش آیا اور اس دوران جیل کا ایک محافظ بھی ہلاک ہوا۔

بتایا گیا ہے کہ فرار ہونے والے افراد کو دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہونے کے الزام کے تحت مقدمے کا سامنا تھا اور ان میں سے دو افراد کو رواں سال فروری میں گرفتار کیا گیا تھا۔

فرار ہونے والے قیدی جیل کے ایک ہی سیل میں بند تھے اور رات بارہ بجے سے دو بجے کے دوران انہوں نے ایک محافظ کو قابو کرنے کے بعد اسٹیل کی پلیٹ سے اس کا گلا کاٹا اور فرار ہو گئے۔

بھارتی حکام سیمی پر ملک کے مختلف حصوں میں کئی مہلک حملوں میں ملوث ہونے اور عسکری گروپوں سے روابط کا الزام عائد کرتے ہیں۔

حکومت نے اس تنظیم پر بنیاد پرستی پھیلانے اور ملک میں مبینہ طور پر تخریب کاری کی کارروائیوں میں ملوث ہونے کے بنا پر 2001ء میں پابندی عائد کر دی تھی۔

XS
SM
MD
LG