رسائی کے لنکس

انسٹاگرام کا 'سوائپ اپ' فیچر ختم کرنے کا فیصلہ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

اگر آپ سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام استعمال کرتے ہیں تو آپ نے اسٹوریز پر سوائپ اپ کا فیچر دیکھا یا استعمال کیا ہو گا۔ لیکن یہ فیچر جلد ہی ختم ہونے والا ہے۔

دنیا کے مقبول ترین سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک کے زیرِ ملکیت فوٹوز اور ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام اسٹوریز سے سوائپ اپ لنک کا فیچر ختم کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔

انسٹاگرام پر اس وقت ویریفائڈ یوزر (مصدقہ صارف) یا دس ہزار سے زائد فالوورز رکھنے والے صارفین اپنی انسٹا اسٹوریز پر سوائپ اپ لنک کا فیچر استعمال کر سکتے ہیں، جس کے ذریعے کسی ویب پیج تک رسائی ممکن ہوتی ہے۔

امریکہ کی ٹیکنالوجی نیوز ویب سائٹ دی ورج کی رپورٹ کے مطابق انسٹا گرام پر اب سوائپ اپ کا یہ فیچر مزید کار آمد نہیں رہے گا۔

رپورٹ کے مطابق انسٹاگرام نے ایک نوٹی فکیشن میں کہا ہے کہ کمپنی سوائپ اپ کے ذریعے ایکسٹرنل (بیرونی) ویب پیجز تک رسائی کے فیچرز کو ختم کرنے کا مںصوبہ کر رہی ہے اور اس کا آغاز 30 اگست سے ہو جائے گا۔

البتہ انسٹاگرام کے مطابق سوائپ اپ لنک کے بدلے صارفین کے لیے لنک اسٹیکرز کو متعارف کرایا جائے گا جو صارفین اپنی اسٹوریز پر لگا سکیں گے۔ اس کے ذریعے بیرونی ویب پیچز تک رسائی ممکن ہو جائے گی۔

کمپنی کے بقول وہ سوائپ اپ کو ختم کر کے 'اسٹوریز بنانے کے تجربے کو ہموار' بنانا چاہتی ہے اور مزید 'تخلیقی کنٹرول' پیش کرنا چاہتی ہے۔

کمپنی کی جانب سے اس اپ ڈیٹ کے تجربے کا آغاز رواں موسمِ گرما میں کیا گیا تھا۔ جون میں انسٹاگرام نے نہ صرف سوائپ اپ کے اہل صارفین بلکہ کئی دیگر صارفین کے لیے بھی ان اسٹیکرز کی ٹیسٹنگ شروع کی تھی۔

انسٹاگرام کے بقول اب صرف وہ صارفین جنہیں سوائپ اپ کی سہولت میسر ہے انہیں اسٹیکرز کے استعمال کا آپشن حاصل ہو گا۔ لیکن مزید صارفین تک اس کی رسائی ابھی آزمائشی مراحل میں ہے۔

ترجمان نے دی ورج کو بتایا کہ مزید لوگوں تک اس کی رسائی سے قبل یہ اپ ڈیٹ ہمیں یہ جاننے میں مدد دے گی کہ یہ ٹھیک فیصلہ ہے یا نہیں۔

انسٹاگرام کی اس تبدیلی کے بارے میں کمپنی کے سابق ہیڈ آف پروڈکٹ نے ٹیکنالوجی نیوز ویب سائٹ کو بتایا تھا کہ ان دونوں فیچرز میں واضح فرق یہ ہے کہ اسٹوریز دیکھنے والے صارفین لنک اسٹیکرز پر ردِعمل دے سکیں گے جب کہ سوائپ اپ اسٹوریز پر وہ کوئی ردِعمل نہیں دے سکتے تھے۔

XS
SM
MD
LG