رسائی کے لنکس

'انسٹاگرام' کے 10 سالہ ہیکر کے لیے فیس بک کا بڑا انعام


یہ غیر معمولی بات ضرور ہے کہ 10 سالہ جانی فیس بک کے 'بگ باونٹی' پروگرام کی انعامی رقم حاصل کرنے والے سب سے کم عمر ترین ہیکر ہیں

سماجی رابطے کی ویب سائٹ، 'انسٹاگرام' میں سکیورٹی پروگرام کی خامی تلاش کرنے والے 10 سالہ ہیکر کو فیس بک نے 10,000 ڈالر بطور انعام دیا ہے۔

ٹیکنالوجی کمپنیوں کے لیےیہ کوئی غیر معمولی بات نہیں ہے، جہاں ہیکرز کو انعام سے نوازا جاتا ہے جو ان کے سکیورٹی پروگرام کی خامیوں کی نشاندہی کرتے ہیں، تاکہ انھیں ٹھیک کیا جاسکے۔

تاہم، یہ غیر معمولی بات ضرور ہے کہ 10 سالہ جانی فیس بک کے 'بگ باونٹی' پروگرام کی انعامی رقم حاصل کرنے والے سب سے کم عمر ترین ہیکر ہیں۔

نوجوانوں میں مقبول ویب سائٹ، 'انسٹاگرام' کو فیس بک نے 2012میں ایک ارب ڈالر میں خریدا تھا جو اب فیس بک کا حصہ ہے۔

فیس بک نے 'بگ باونٹی' پروگرام 2011 میں شروع کیا تھا جس کے تحت سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ کے سکیورٹی نظام میں نقائص کی نشاندہی کرنے والوں کو انعام دیا جاتا ہے۔

اگرچہ فیس بک کی شرائط کے مطابق جانی ابھی فیس بک پر اپنا اکائونٹ نہیں کھول سکتا، لیکن اس نے دعویٰ کیا کہ وہ انسٹاگرام کی کمزوریوں کو استعمال کرتے ہوئےدوسرے صارفین کے تبصروں کو ڈیلیٹ یا خارج کرسکتا ہے۔

فن لینڈ سے تعلق رکھنے والے ایک اسکول کے طالب علم جانی نے تصویروں کے اشتراک کی ویب سائٹ انسٹاگرام میں ایسا بگ تلاش کیا جس کی مدد سے سائبر حملہ کرکے اپنی مرضی سے صارفین کے تحریری متن کو حذف کیا جاسکتا ہے۔

جانی نے فنلینڈ کے میڈیا کو بتایا کہ اس نے محسوس کیا تھا کہ وہ انسٹاگرام کے سرور پر کوڈ کے ساتھ گڑ بڑ کرسکتا ہے۔

اس نے انسٹاگرام کے تبصرے کے سیکشن میں ایک خامی دریافت کر لی جس کے نتیجے میں اسے پتا چلا کہ وہ سکیورٹی نظام کی اس خامی کا استعمال کرتے ہوئے دیگر صارفین کے تبصروں کو حذف کرسکتا ہے۔

فوربس کی رپورٹ کے مطابق، انھوں نے فروری کے مہینے میں ایک اِی میل کے ذریعے انسٹاگرام کو اس خامی سے مطلع کیا اور کچھ دنوں انھیں بتایا گیا کہ اس خامی کو نشاندہی کے بعد ٹھیک کرلیا گیا ہے۔

جبکہ مارچ کے مہینے میں فیس بک کی طرف سے جانی کو 10000 ڈالر بطور انعام دئیے گئے۔

جانی آٹھ سال کی عمر سے کوڈنگ میں دلچسپی لے رہا ہے۔ وہ اپنے فارغ وقت میں ویڈیو گیمز کھیلنا پسند کرتا ہے۔

وہ اور اس کے جڑواں بھائی نے اس سے پہلے بھی ایک ویب سائٹ پر سکیورٹی نقائص کی نشاندہی کی تھی۔

جانی نے بتایا کہ وہ انعام کی رقم کا کچھ حصہ اپنی سائیکل اور فٹ بال خریدنے پر خرچ کرئے گا، جبکہ مستقبل کے حوالے سے وہ ایک سکیورٹی ایکسپرٹ بننا چاہتا ہے۔

انسٹاگرام کے ترجمان نے بتایا کہ یہ پروگرام اب تک 800 لوگوں میں 43 لاکھ ڈالر کے انعامات تقسیم کر چکا ہے۔

XS
SM
MD
LG