رسائی کے لنکس

بھارت میں جان کیری کی گاڑی کو معمولی حادثہ ’کوئی زخمی نہیں ہوا‘


امریکہ کے وزیر خارجہ جان کیری (فائل فوٹو)
امریکہ کے وزیر خارجہ جان کیری (فائل فوٹو)

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ’’وزیر خارجہ کیری دونوں گاڑیوں میں سے پہلی گاڑی میں تھے۔ نہ ہی انھیں اور نہ ہی کسی اسٹاف یا عملے کو کوئی چوٹ لگی ہے۔‘‘

امریکی وزیر خارجہ جان کیری کے قافلے میں شامل دو گاڑیوں کو بھارت میں حادثہ پیش آیا تاہم وہ اس میں محفوظ رہے۔

یہ حادثہ ایسے وقت پیش آیا جب وہ بھارت کا دورہ مکمل کرنے کے بعد ہوائی اڈے کی جانب روانہ تھے۔

امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان جین ساکی نے ایک بیان میں کہا کہ’’بھارت کے احمدآباد شہر میں ائیرپورٹ کی طرف جاتے ہوئے (جان کیری کی) گاڑیوں کے قافلے میں شامل دو گاڑیوں کو معمولی حادثہ پیش آیا، جس کی وجہ سے دونوں گاڑیوں کو کچھ نقصان پہنچا۔‘‘

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ’’وزیر خارجہ کیری دونوں گاڑیوں میں سے پہلی گاڑی میں تھے۔ نہ ہی انھیں اور نہ ہی کسی اسٹاف یا عملے کو کوئی چوٹ لگی ہے۔ ایک گاڑی بند ہو گئی جب کہ گاڑیوں کا باقی قافلہ ائیرپورٹ کی طرف بغیر کسی اور خلل کے روانہ ہو گیا۔‘‘

ساکی نے جان کیری کے طیارے میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں واضح کیا کہ وزیر خارجہ اپنی گاڑی سے باہر نہیں نکلے تھے اور جو گاڑی بند ہو گئی تھی وہ ان کی گاڑی کے عقب میں تھی۔

جان کیری گزشتہ اتوار کو بھارت پہنچے تھے جہاں انھوں نے ریاست گجرات کے شہر میں سرمایہ کاری سے متعلق اعلیٰ سطحی کانفرس میں شرکت کی تھی۔

امریکی وزیر خارجہ جان کیری پیر کو اسلام آباد کے دو روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچے۔

XS
SM
MD
LG