رسائی کے لنکس

کابل حملے میں کاؤنٹرپارٹ انٹرنیشنل کا عملہ محفوظ رہا: حکام


’کاؤنٹرپارٹ انٹرنیشنل‘ امدادی ادارے کی انتظامی سربراہ، این ہڈوک نے کہا ہے کہ بدھ کو کابل میں ہونے والے خودکش حملے میں ان کی تنظیم کا عملہ محفوظ رہا۔

اطلاعات کے مطابق، غیر سرکاری بین الاقوامی تنظیم کے دفتر پر حملے میں خودکش حملہ آوروں سمیت نو افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

’وائس آف امریکہ‘ کی ’افغان سروس‘ کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں این ہڈوک نے حملے میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ ’’تشدد کی اس احمقانہ کارروائی کو کوئی بھی درست قرار نہیں دے سکتا‘‘، اور ’’اس کا مذہب اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہو سکتا، خاص طور پر اس لیے کہ یہ خودکش حملہ رمضان کے بابرکت مہینے میں ہوا ہے‘‘۔

این ہڈوک نے کہا کہ ان کا غیر سرکاری ادارہ 54 برس سےلوگوں کی خدمت کر رہا ہے ’’اور لوگ ہماری خدمات کو سراہتے ہیں‘‘۔

اُنھوں نے کہا کہ ’’ابھی تک اس بات کی تصدیق نہیں ہوئی آیا جنگجوؤں نے ’کاؤنٹرپارٹ انٹرنیشنل‘ کو ہی ہدف بنایا تھا، جب کہ یہ بات درست ہے کہ اس عمارت میں یہ واقعہ پیش آیا جہاں ادارے کا دفتر ہے‘‘۔

انھوں نے کہا کہ ان کا ادارہ ’’غیر جانبدار حیثیت سے کام کرتا ہے، جس میں کسی طرح کی کوئی تفریق نہیں برتی جاتی‘‘۔

بقول ان کے، ’’ہمارا عزم یہ ہے کہ بغیر تفریق کے ہر شہری کے کام آئیں، تاکہ ان کی زندگی میں بہتری لائی جا سکے۔ ہمارا دھیان سیاسی سطح پر نہیں، بلکہ عام معاشرتی سطح پر مرکوز ہے‘‘۔

این ہڈوک نے کہا کہ ’’کاؤنٹرپارٹ انٹرنیشنل امن، انسانی حقوق اور خواتین کے لیے بہتر مواقع پیدا کرنے کے کام میں مدد دیتا ہے۔ تنظیم کا کسی سیاست سے کوئی تعلق نہیں‘‘۔

XS
SM
MD
LG