رسائی کے لنکس

افغانستان: خودکش بم دھماکوں میں کم ازکم سات ہلاک


طالبان نے کابل میں ہونے والے ان بم دھماکوں کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کہا کہ یہ ان کی جاری کارروائیوں کا ایک حصہ تھا۔

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں بدھ کی صبح سکیورٹی فورسز کی بسوں پر ہونے والے دو خود کش بم حملوں میں کم ازکم سات افراد ہلاک اور 15 سے زائد زخمی ہو گئے۔

نائب وزیر داخلہ جنرل ایوب سالانگی نے ایک بیان میں بتایا کہ یہ حملے افغان سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو لے جانے والے دو گاڑیوں پر کیے گئے۔

کابل پولیس کے مطابق پہلا خودکش حملہ افغان نیشنل آرمی کے جوانوں کو لے جانے والی ایک بس پر ہوا جس کے کچھ ہی لمحوں بعد ایک دوسری بس پر بھی ایسا ہی حملہ کیا گیا۔

طالبان نے کابل میں ہونے والے ان بم دھماکوں کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کہا کہ یہ ان کی جاری کارروائیوں کا ایک حصہ تھا۔

طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے فرانس کی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ یہ حملہ امریکہ کے ساتھ سلامتی کے معاہدے پر افغان حکومت کی طرف سے دستخط کرنے کا ردعمل تھا اور ان کے بقول طالبان اپنے حملوں میں اضافہ کریں گے۔

منگل کو ہی افغانستان اور امریکہ کے عہدیداروں نے دو طرفہ سکیورٹی معاہدے پر دستخط کیے تھے جس کے تحت رواں سال کے اواخر میں بین الاقوامی افواج کے افغانستان سے اںخلا کے بعد بھی لگ بھگ 10 ہزار امریکی فوجی اور دیگر اہلکار جب کہ نیٹو کے دو ہزار اہلکار یہاں رہیں گے۔

یہ غیر ملکی فوجی مقامی سکیورٹی فورسز کو تربیت اور انسداد دہشت گردی میں معاونت فراہم کریں گے۔

گزشتہ سال تجویز کردہ اس معاہدے پر سابق صدر حامد کرزئی نے دستخط کرنے سے انکار کر دیا تھا لیکن پیر کو نئے صدر اشرف غنی کے عہدہ سنبھالنے کے بعد اس پر دستخط ہوئے۔

XS
SM
MD
LG