رسائی کے لنکس

کیرن پولارڈ انجری کے باعث پی ایس ایل سے دست بردار


پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز پشاور زلمی کے کھلاڑی کیرن پولارڈ ٹانگ کی تکلیف کے باعث پاکستان سپر لیگ سے دست بردار ہو گئے ہیں۔ ان کی جگہ کارلوس بریتھ ویٹ ہی پی ایس ایل کے اختتام تک پاکستان میں رہیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق پولارڈ کو ویسٹ انڈیز کے دورہ سری لنکا کے اختتام پر پشاور زلمی کی ٹیم میں شمولیت اختیار کرنا تھا تاہم ٹانگ میں انجری کے باعث انہوں نے پاکستان آنے سے معذرت کرلی ہے۔

پولارڈ کی جگہ بریتھ ویٹ کو چھ مارچ تک پاکستان بلایا گیا تھا۔

کیرن پولارڈ کا کہنا ہے کہ "میں بوجھل دل کے ساتھ یہ اعلان کر رہا ہوں۔ لیکن ساتھی کھلاڑیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔"

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ "مجھے افسوس ہے کہ میں اس سال ٹیم کا حصہ نہیں بن سکوں گا لیکن ٹیم کے پاس تجربہ کار کھلاڑی موجود ہیں جو ٹیم کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ ڈیرن سیمی ہیڈ کوچ کی حیثیت سے اپنی پہلی ٹرافی جیتنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔"

پولارڈ پی ایس ایل کے 2017 ، 2018 اور 2019 میں ہونے والے سیزنز میں شرکت کرچکے ہیں۔

اس دوران انہوں نے 33 میچز میں 650 رنز بنائے جن میں تین نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔

پشاور زلمی کے رواں ہفتے دو میچز ہوں گے۔ پہلا میچ 10 مارچ کو لاہور سے جب کہ دوسرا میچ 13 مارچ کو ملتان سے ہوگا۔ دونوں میچز لاہور میں ہوں گے۔

XS
SM
MD
LG