رسائی کے لنکس

کرسٹین اسٹیورٹ، دنیا کی خوش لباس ترین خاتون


میگزین کے مطابق قارئین نے انھیں دنیا کی پچاس خوش لباس خواتین میں سے پہلے نمبر پر چنا ہے ۔ کرسٹین اسٹیورٹ نے گلیمر میگزین کی جانب سے یہ اعزاز لگاتار دوسرے برس حاصل کیا ہے۔

ہالی وڈ کی مشہور رومانوی فلم 'دا ٹوالائٹ سا گا' فلم سیریز میں مرکزی کردار ادا کرنے والی اداکارہ کرسٹین اسٹیورٹ نے سال 2013 کے لیے دنیا کی بہترین خوش لباس خاتون ہونے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔
انھیں یہ اعزاز گلیمر میگزین کی جانب سے کرائے جانے والے ایک سروے کے نتیجے میں حاصل ہوا ہے۔ میگزین کے مطابق قارئین نے انھیں دنیا کی پچاس خوش لباس خواتین میں سے پہلے نمبر پر چنا ہے۔ کرسٹین اسٹیورٹ نے گلیمر میگزین کی جانب سے یہ اعزاز لگاتار دوسرے برس حاصل کیا ہے۔
23 سالہ امریکن اداکارہ کرسٹین جنھیں لوگ ٹوالائٹ فلم کی ہیروئن 'ازا بیلا سوان' کے نام سے یاد رکھتے ہیں نے، اس سال یہ اعزاز اپنی ساتھی ادکارہ 'ایما واٹسن' کو ہرانے کے بعد حاصل کیا ہے۔ ایما واٹسن کی وجہ ِشہرت مشہور جادوئی فلم سیریز 'ہیری پوٹر' ہے جس میں انھوں نے ہرمیاونا کا کردار نبھایا تھا۔ انھیں میگزین نے دوسرے نمبر پر خوش لباس خاتون قرار دیا ہے۔ جبکہ برطانوی شہزادی 'کیتھرین میڈیلٹن' جو اپنے نفیس اور سادہ ملبوسات کے حوالے سے فیشن آئیکون سمجھی جاتی ہیں انھیں اس فہرست میں تیسرے نمبر پر خوش لباس خاتون ہونے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔
دنیا کی پچاس خوش لباس خاتون کی اس فہرست میں 'اسپائیڈر مین' فلم سیریز میں ہیروئن کا کردار ادا کرنے والی 'ایما اسٹون' کو چوتھا نمبر حاصل ہوا ہے اسی طرح گلوکارہ ٹیلرسوئفٹ کو پانچویں نمبر پر رکھا گیا ہے۔
کرسٹین اسٹیورٹ کے مداح انھیں ان کی مخصوص آنکھوں کے میک اپ جسے ہالی وڈ میں( راک چک لک) کہا جاتا ہے کے لیے پسند کرتے ہیں۔ ان کی مقبولیت میں ان کے روزمرہ کے لباس بھی بڑی اہمیت کے حامل ہیں وہ عموما لڑکوں جیسے کپڑے یعنی جینز، ٹی شرٹس اور ہیٹ استعمال کرتی ہیں لیکن شو بزنس کی تقریبات میں انھیں ان کے ریڈ کارپٹ پر نظر آنے والے ملبوسات کی وجہ سے بے حد پسند کیا جاتا رہا ہے۔
کرسٹین اسٹیوارٹ گذشتہ برس کئی حوالوں سے میڈیا کی نظروں میں رہی ہیں۔ 'رازی ایواڈ' میں انھیں ٹوالائٹ فلم سیریز بریکنگ ڈاؤن 2 کے لیے بد ترین اداکارہ کا ایواڈ دیا گیاتھا وہیں انھیں اپنے ساتھی اداکار رابرٹ پیٹانسن سے بے وفائی کرنے پر میڈیا نےآڑے ہاتھوں لیا تھا جبکہ ان کی فلم بریکنگ ڈاؤن پارٹ 2 کو بھی باکس آفس پر خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں ہو سکی تھی۔
گلیمر میگزین خواتین کے فیشن اور اسٹائل پر مبنی ایک امریکن رسالہ ہے جو دنیا بھر میں فروخت کیا جاتا ہے۔ اس رسالے کی جانب سے ہر سال دنیا کی پچاس دیدہ زیب ملبوسات پہننے والی خواتین کا انتخاب کیا جاتا ہے۔ سال 2013 کے لیے منتخب ہونے والی خواتین کی تصاویر پر مشتمل جون کا رسالہ مئی کی 6 تاریخ سے مارکیٹ میں دستیاب ہو گا۔
XS
SM
MD
LG