رسائی کے لنکس

وقت پر کھانا کئی بیماریوں سے محفوظ رکھتا ہے: تحقیق


بچپن سے ہی سب ایک کہاوت لازمی سنتے ہیں کہ اچھی صحت کے لیے وقت پر کھانا ضروری ہے لیکن کیا واقعی اس پر سنجیدگی سے عمل کرنے کی کوشش کی جاتی ہے یا شاید ایسا نہیں ہوتا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ کھانے کے صحیح اوقات دلی کیفیت یا قلبی صحت پر اثر انداز ہوتے ہیں۔ اس لیے صحیح وقت پر کھانا کھانا ضروری ہے۔

کولمبیا یونیورسٹی ویجیلوس کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز نیویارک کی جانب سے کیے گئے ایک تحقیقی مطالعے میں کہا گیا ہے کہ کھانے کے صحیح اوقات نہ صرف دل کو بیماریوں سے محفوظ رکھتے ہیں بلکہ فشار خون اور ذیابطیس کو بھی اس کے ذریعے کنٹرول کیا جاسکتا ہے۔

مطالعے کے حوالے سے 'میڈیکل نیوز ٹو ڈے' میں شائع رپورٹ کے مطابق مطالعہ بہت سے اہم پہلوؤں سے پردہ اٹھاتا ہے۔ جیسے یہ انکشاف بھی سامنے آیا ہے کہ دن کے اوائل میں کھانا کھانے سے وزن کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ جبکہ دن میں کھانا کھانے کا صحیح وقت گزر جانے یا دیر سے کھانا کھانے سے وزن بڑھتا ہے۔ اعصاب سست ہو جاتے ہیں اور ہاضمہ صحیح نہیں رہتا۔

مطالعے کے نتائج کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ زیادہ کھانا کھانے سے ذیابیطس​ اور دل کی بیماریوں کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔ جبکہ شام کے اوقات میں کیلوریز لینے سے خواتین کے دل پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

اس نئی تحقیق کو امریکی 'ہارٹ ایسوسی ایشن' کے سائنٹیفک سیشنز 2019 میں پیش کیا جائے گا۔ یہ سیشنز امریکی ریاست پنسلوینیا کے شہر فلاڈیلفیا میں ہوں گے۔

نیو یارک کی کولمبیا یونیورسٹی ویجیلوس کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز سے وابستہ ایسوسی ایٹ ریسرچ سائنس دان نورمکاریم اس تحقیق کے سر فہرست مصنف ہیں۔

مکاریم اور ان کے ساتھیوں نے 112 صحت مند خواتین پر تحقیق کی۔ جن کی عمریں 33 سال تک تھیں۔

محققین نے ان خواتین کی قلبی صحت کا جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے جائزہ لیا۔

خواتین کے بلڈ پریشر، کولیسٹرول، بلڈ شوگر، جسمانی حدت، خوراک اور وزن کو مدنظر رکھ کر تحقیق کی گئی۔ جبکہ اس بات پر بھی توجہ دی گئی کہ خواتین کی قلبی صحت پر بر وقت یا بے وقت کھانے کے کیا فوائد اور نقصانات ہوتے ہیں۔

تحقیقی مطالعے اور جانچ پڑتال کے بعد انکشاف ہوا کہ جو لوگ شام چھ بجے کے بعد زیادہ کیلوریز کھاتے ہیں۔ ان کی قلبی صحت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

درحقیقت چھ بجے کے بعد کیلوریز کی مقدار میں ہر ایک فی صد اضافے سے قلبی صحت کا اسکور کم ہو جاتا۔ بلڈ پریشر اور باڈی ماس انڈیکس میں اضافہ ہوتا ہے اور بلڈ شوگر پر کنٹرول مشکل ہو جاتا ہے۔

ایسی خواتین جنہوں نے چھ بجے سے آٹھ بجے کے درمیان زیادہ کیلوریز والی خوراک استعمال کی ان کا بلڈ پریشر بڑھ گیا۔

مطالعے کے مرکزی مصنف نے ان نتائج پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ دل کی بیماری سے بچنے کے لیے طرز زندگی پر توجہ دی جانی چاہیے اور ہر حال میں یہ سوچنا چاہیے کہ ہمیں کیا کھانا چاہیے اور کیا نہیں۔

ڈاکٹر کرسٹن نیوبی، ڈیوک یونیورسٹی میں طب اور کارڈیالوجی کی پروفیسر ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ ایک اہم مطالعہ ہے۔ جس کے بارے میں ہم نے پہلے کبھی نہیں سوچا تھا۔

XS
SM
MD
LG