رسائی کے لنکس

اولمپکس 2012ء: کھلاڑیوں کی لندن آمد کا سلسلہ جاری


اولمپکس مقابلوں کا باقاعدہ آغاز 27 جولائی کو ہوگا اور یہ مقابلے 12 اگست تک جاری رہیں گے۔

لندن میں ہونے والے کھیلوں کے بین الاقوامی مقابلوں 'اولمپکس 2012ء' کے آغاز میں 10 دن رہ گئے ہیں اور مختلف ملکوں کے ایتھلیٹس کی لندن آمد جاری ہے۔

کھیلوں میں حصہ لینے کے لیے برطانیہ کے دارالحکومت لندن پہنچنے والی ابتدائی ٹیموں میں کشتی رانی کے مقابلوں کے لیے امریکی ٹیم بھی شامل ہے جس کے ارکان پیر کی صبح لندن پہنچے۔

حکام کے مطابق لندن کے 'ہیتھرو ایئر پورٹ' کے ذریعے پیر کو مختلف ملکوں کے 350 ایتھلیٹس کی آمد متوقع ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ہوائی اڈہ پیر کو لگ بھگ دو لاکھ 40 ہزار مسافروں کی میزبانی کرے گا جو ہوائی اڈہ استعمال کرنے والے مسافروں کی یومیہ تعداد سے 50 ہزار زیادہ ہیں۔

امکان ہے کہ جیسے جیسے لندن اولمپکس کا آغاز قریب آتا جائے گا، مسافروں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوگا۔ کھیلوں کے مقابلوں کا باقاعدہ آغاز 27 جولائی کو ہوگا جو 12 اگست تک جاری رہیں گے۔

لندن پہنچنے والے ایتھلیٹس کو ہوائی اڈے سے شہر کے شمال مشرقی علاقے 'اسٹریٹ فورڈ' میں قائم 'اولمپک ولیج' لے جایا جارہا ہے جہاں ان کے قیام اور مشق کا بندوبست ہے۔

کھلاڑیوں کو لندن کے بدنامِ زمانہ سست رفتار ٹریفک سے محفوظ رکھنے کےلیے شہر کی سڑکوں پر خصوصی 'گیمز لین' بنائی گئی ہیں جس سے کھیلوں کے مخصوص اوقات میں صرف کھلاڑی ہی گزر سکیں گے۔

لیکن جہاں ایک جانب دنیا بھر سے ایتھلیٹس کی آمد کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے، دنیا میں کھیلوں کے ان سب سے بڑے مقابلوں کی سیکیورٹی سے متعلق خدشات میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔

گزشتہ ہفتے یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ وہ نجی سیکیورٹی کمپنی مناسب تعداد میں محافظوں کی بھرتی اور ان کی تربیت نہیں کرسکی ہے جسے کھیلوں کی حفاظت کا ٹھیکہ دیا گیا ہے۔

محافظوں کی اس قلت کے پیشِ نظر برطانوی حکومت نے 'اولمپکس 2012' کی حفاظت کے لیے ساڑھے تین ہزار فوجی تعینات کرنے کا اعلان کیا ہے تاکہ نجی محافظوں کی کمی کو پورا کیا جاسکے۔
XS
SM
MD
LG