رسائی کے لنکس

لندن کا کتب میلہ


لندن میں اس ہفتے ایک اوپن ائیرکتب میلے کا انعقاد کیا گیا اس میلے کی خاص بات یہ تھی کہ یہ مرکزی لندن میں واقع' ٹرافالگر اسکوائر' پر سجایا گیا تھا جس میں مہمانوں کی فہرست میں برطانوی فنکار بھی شامل تھے ۔

یہ کتب میلہ لندن کے مقامی اخبار کی' گیٹ ریڈنگ مہم ' کا حصہ تھا، جو لندن میں پرائمری اسکولوں کے بچوں میں کتابیں پڑھنے کا شوق پیدا کرنے کے لیے کام کر رہی ہے ۔

تقریب کے شرکاء میں برطانوی ماڈل 'للی کول' اور اداکار 'ہیوگرانٹ' کے علاوہ کئی نامورگلوکاروں اور مزاحیہ فنکاروں نے حصہ لیا ، جنھوں نے بچوں کے لیے اسٹیج پر ان کی پسندیدہ کتابیں پڑھ کر سنائیں جن میں 'ونی دا پھو' ،' پیٹر پین ' اور' ہیری پوٹر' جیسی کہانیاں شامل تھیں ۔

اس موقع پر مقررین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ، پرائمری اسکول کے بچوں میں کتابیں پڑھنے کا شوق پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے خاص طور پر ایسے وقت میں جب ان کی دلچسپی کے لیے طرح طرح کی چیزیں موجود ہیں والدین کو اپنے بچے کو کتاب پڑھنے کی طرف مائل کرنے کے لیے ان کے ساتھ کتابیں پڑھنی چاہیئے۔

گیٹ ریڈنگ میلے میں پاکستانی طالبہ ملالہ یوسفزئی کا ایک ویڈیو پیغام بھی سنایا گیا جو گذشتہ برس سوات میں عسکریت پسندوں کی گولی کا شکار ہوئیں تھیں اورعلاج کے بعد برمنگھم میں مقیم ہیں جہاں وہ ایک لڑکیوں کے پرائیوٹ اسکول میں زیر تعلیم ہیں ۔ ملالہ نے اس موقع پر اپنے تاثرات کا اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ،یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ، مجھے اس مہم میں شامل کیا گیا ہے اگرچہ، مجھے سوات میں بہت زیادہ کتابیں پڑھنے کا موقع نہیں ملا لیکن برطانیہ میں جب کم عمر بچوں کے ہاتھوں میں کتابیں دیکھتی ہوں توان سے بہت متاثر ہوتی ہوں کیونکہ میں سمجھتی ہوں کہ ،کتابیں علم حاصل کرنے کا بہترین زریعہ ہیں لہذاہر بچے کو زیادہ سے زیادہ کتابیں پڑھنی چاہیئے۔

لندن کے بہت سے پرائمری اسکول جو اس مہم کا حصہ ہیں انھوں نے اس میلے میں بھر پور شرکت کا مظاہرہ کیا ۔ کتب میلےمیں بچوں کی دلچسپی کے لیے فیس پینٹگ ،گیمز اور آئس کریم کا بھی انتطام کیا گیا تھا جبکہ گرمی کی شدت کی وجہ سے ہزاروں افراد ٹرافالگر اسکوائر کے وسط میں موجود فوارے کے ارد گرد بیٹھے رہے یہاں بہت سے خاندان چھتریاں اور ٹینٹ کے ساتھ آئے تھے جو اس میلے کو ایک پکنک کی طرح انجوائے کر رہے تھے۔
XS
SM
MD
LG