رسائی کے لنکس

ملائشیا: MH17 کی یاد میں یوم ِسوگ کا اعلان


17 جولائی کو یوکرین میں ملائشین طیارے کو میزائل سے مار گرایا گیا تھا۔ طیارے میں سوار 43 ملائشین شہریوں میں سے 15 طیارے کے عملے کے افراد تھے جبکہ طیارے میں دو ننھے ملائشین شہری بھی سوار تھے

ملائشیا کی جانب سے 22 اگست کو یوکرین میں گرائے جانے والے ملائشین ایئر لائن کے طیارے MH17 کی یاد میں ملکی سطح پر یوم ِسوگ منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

22 اگست کو ہی ملائشیا یوکرین میں تباہ کیے جانے والے جہاز پر سوار افراد میں سے 16 کی لاشیں وصول کرے گا۔

ملائشین حکومت کا کہنا ہے کہ وہ اگلے ہفتے اس بات کا تعین کرے گی کہ آیا 22 اگست کو عام تعطیل قرار دیا جائے یا نہیں۔

واضح رہے کہ 17 جولائی کو یوکرین کی فضائی حدود میں ملائشین ائیرلایئز کے طیارے MH17 کو میزائل مار کر گرا دیا گیا تھا جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام 298 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

اس فلائٹ میں 43 ملائشین شہری بھی سوار تھے۔ ہالینڈ میں طیارے میں ہلاک شدگان کی لاشوں اور میتوں کے لیبارٹری ٹیسٹ کے مکمل ہونے کے بعد ملائشین شہریوں کی شناخت کی تصدیق کر دی گئی ہے۔

ملائشیا کے ڈپٹی وزیر ِاعظم محی الدین یاسین کا کہنا ہے کہ ’جس دن میتیں وصول کی جائیں گی اسی دن ان میتوں کے ناموں کی فہرست بھی جاری کر دی جائے گی۔ ابھی تک 22 اگست کو یوم ِسوگ قرار دیا گیا ہے اور اسے عام تعطیل نہیں قرار دیا گیا۔ ہم اس بارے میں کابینہ سے مشاورت کریں گے‘۔

ملائشین حکومت کا کہنا ہے کہ ملائشیا آنے والی 16 لاشوں میں سے 15 ملائشین شہریوں کی ہیں جبکہ ایک ہالینڈ کے باشندے کی ہے اور درخواست کی گئی ہے کہ اسے بھی ملائشیا میں ہی سپرد ِخاک کیا جائے۔

ملائشین طیارے میں سوار 43 ملائشین شہریوں میں سے 15 طیارے کے عملے کے افراد تھے جبکہ طیارے میں دو ننھے ملائشین شہری بھی سوار تھے۔

یہ طیارہ 17 جولائی ایمسٹرڈیم سے کوالا لمپور جا رہا تھا جب اسے مشرقی یوکرین کے علاقے میں مار گرایا گیا۔

XS
SM
MD
LG