رسائی کے لنکس

پاک بھارت مذاکرات میں پیش رفت خوش آئند


حنا ربانی کھر کی ایس ایم کرشنا سے ملاقات
حنا ربانی کھر کی ایس ایم کرشنا سے ملاقات

بھارت کے وزیراعظم منموہن سنگھ نے پاک بھارت وزرائے خارجہ سطح کے مذاکرات میں پیش رفت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسے دوطرفہ تعلقات کے لیے ”نئی بہار کی نوید“ قرار دیا ہے۔

بدھ کو پاکستان کی وزیرخارجہ حنا ربانی کھر نے منموہن سنگھ سے ملاقات کی جس کے بعد پاکستانی دفتر خارجہ سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق بھارت کے وزیر اعظم نے کہا کہ اُ ن کا ملک پاکستان کے ساتھ ”دوستانہ“ تعلقات کا خواہاں ہے اور تمام حل طلب معاملات کا تصفیہ چاہتا ہے۔

حنا ربانی کھر نے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی طرف سے منموہن سنگھ کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی جسے بھارتی وزیراعظم نے قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کا دورہ کریں گے اور اس کے لیے سہولت کے مطابق تاریخوں کا تعین کیا جائے گا۔

پاکستانی وزیر خارجہ نے صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم گیلانی کی طرف سے بھارتی وزیراعظم کے نام نیک خواہشات کا پیغام بھی منموہن سنگھ تک پہنچایا۔ بیان کے مطابق حناربانی کھر نے پاکستانی قیادت کے اس عزم کو دہرایا کہ اُن کا ملک بھارت کے ساتھ دوستانہ روابط کے قیام کا خواہاں ہے اور مذاکرات ہی پیش رفت کا واحد راستہ ہیں۔

بھارتی وزیراعظم سے ملاقات میں حنا ربانی کھر کے ساتھ سیکرٹری خارجہ سلمان بشیر ، بھارت میں پاکستان کے ہائی کمشنر شاہد ملک اور ایڈیشنل سیکرٹری سجاد کامران بھی شریک تھے۔


XS
SM
MD
LG