رسائی کے لنکس

پاک افغان سرحد پر خود کش حملہ، چھ افراد ہلاک


پاک افغان سرحد
پاک افغان سرحد

خودکش حملے کے بعد چمن کے مقام پر پاک افغان سرحد کو عارضی طور پر بند کردیا گیا ہے۔

بلوچستان کے ضلعے چمن سے متصل پاک افغان سرحد پر جمعرات کی شام ہونے والے ایک خودکش حملے میں کم از کم چھ افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے ہیں۔

حکام کے مطابق دھماکہ دونوں ملکوں کے شہریوں کی آمد و رفت کے لیے استعمال ہونے والے سرحدی راستے 'باب دوستی' کے قریب افغانستان کی حدود میں ہوا۔

حکام نے بتایا ہے کہ ایک مشتبہ شخص 'بابِ دوستی' کے راستے افغانستان سے پاکستان میں داخل ہورہا تھا جس نے سیکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے تلاشی کے لیے روکے جانے پر خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

دھماکے میں ایک افغان سیکیورٹی اہلکار سمیت کم از کم چھ افراد ہلاک ہوئے ہیں جن میں افغان و پاکستانی شہری شامل ہیں۔ دھماکے سے زخمی ہونے والے 10 افراد میں پاکستانی سرحد پر تعینات 'فرنٹیئرکور' کے چار اہلکار بھی شامل ہیں۔

دھماکے کے کئی زخمیوں کو چمن کے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جب کہ واقعے کے بعد حکام نے سرحد عارضی طور پر بند کر دی ہے۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق سرحد کی بندش کی باعث افغانستان میں تعینات نیٹو افواج کو پاکستان کے راستے رسد کی ترسیل بھی معطل ہوگئی ہے۔

مذکورہ سرحدی راستے سے نیٹو رسد اور سامانِ تجارت کی ترسیل کے علاوہ روزانہ دونوں ملکوں کے ہزاروں شہری آتے جاتے ہیں۔

گزشتہ ہفتے بھی اسی سرحدی مقام پر کیے جانے والے ایک خودکش حملے میں افغانستان کی سرحدی فورس کے پانچ اہلکاروں سمیت آٹھ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
XS
SM
MD
LG