رسائی کے لنکس

گرین لینڈ کی برف کے نیچے وسیع جھیل کا انکشاف


اس علاقے میں جمی برف کی اوسط موٹائی پانچ ہزار فٹ ہے لیکن گزشتہ سال اس برف کا 60 کیوبک میل حصہ پگھل گیا تھا

سائنس دانوں نے گرین لینڈ کی برف کے نیچے ایک وسیع جھیل کی موجودگی کا سراغ لگایا ہے ۔

علاقے میں ریسرچ کرنے والے 'یونی ورسٹی آف یوٹاہ' کے محققین کے مطابق جھیل 43 ہزار کلومیٹر سے زائد رقبے پر پھیلی ہوئی ہے اور اس کی خاص بات یہ ہے کہ سارا سال برف سے ڈھکے رہنے والے علاقے کے نیچے موجود اس جھیل کا پانی پورا سال مایع حالت میں رہتا ہے۔

یوٹاہ یونی ورسٹی میں جغرافیہ کے پروفیسر رِک فورسٹر کا کہنا ہے کہ موسمِ گرما کے اختتام پر گرین لینڈ میں شدید برف باری ہوتی ہے جس کے باعث سطحِ زمین پر جمنے والی برف اوپر کےدرجہ حرارت کو زیرِ زمین موجود پانی کے ذخیرے تک نہیں پہنچنے دیتی۔

خیال رہے کہ گرین لینڈ کا برفیلا علاقہ خاصا وسیع و عریض ہے اور چند بڑی امریکی ریاستوں - کیلی فورنیا، نیواڈا، ایریزونا نیو میکسیکو، کولوراڈو اور یوٹاہ - کے مجموعی رقبے کے برابر ہے۔

اس علاقے میں جمی برف کی اوسط موٹائی پانچ ہزار فٹ ہے لیکن گزشتہ سال اس برف کا 60 کیوبک میل حصہ پگھل گیا تھا جو گرین لینڈ میں کسی ایک موسم میں برف پگھلنے کا ریکارڈ ہے۔

پروفیسر رِک فوسٹر کی ٹیم گرین لینڈ میں برف کے جمع ہونے اور اس میں سال بہ سال آنے والی تبدیلیوں کا 2010ء سے جائزہ لے رہی ہے۔

پروفیسر فوسٹر کے مطابق 2010ء میں ان کی ٹیم نے تین مختلف مقامات پر نمونے اکٹھے کرنے کے لیے برف کی سطح پر سوراخ کیے تھے۔ ایک سال بعد اسی علاقے میں چار مقامات پر 'ڈرل' کی گئی تھی جس میں سے دو میں سے پانی نکل آیا تھا۔

تحقیقی ٹیم کے مطابق جس وقت پانی برآمد ہوا تھا اس وقت سطح کا درجہ حرارت منفی 20 ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔ پہلے مقام پر پانی سطحِ زمین سے 10 میٹر اور دوسرے میں 25 میٹر نیچے تھا۔

فوسٹر کا کہنا ہے کہ تاحال زیرِ زمین موجود پانی کے اس وسیع ذخیرے کے مقامی موسمی حالات پر اثرات واضح نہیں اور اس بارے میں مزید تحقیق کی جارہی ہے۔ لیکن ان کے بقول یہ ایک ناقابلِ یقین دریافت ضرور ہے۔
XS
SM
MD
LG