رسائی کے لنکس

خواتین اور مردوں کے دماغ کی ساخت مختلف: تحقیق


یونیورسٹی آف پینسلوینیا میں ہونے والی اس تحقیق میں ’امیج ٹیکنیک‘ استعمال کی گئی۔

ایک نئی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ مردوں اور خواتین کے دماغ کی ساخت مختلف ہوتی ہے۔

تحقیق دانوں کا کہنا ہے کہ مردوں اور خواتین کے دماغوں میں موجود فرق کی وجہ سے مرد اور خواتین ایک ہی کام کو مختلف طریقے سے سرانجام دیتے ہیں۔

تحقیق میں پتہ چلا کہ خواتین کے دماغ کی ساخت ایسی ہے کہ وہ بیک وقت کئی کام کر سکتی ہیں۔

یونیورسٹی آف پینسلوینیا میں ہونے والی اس تحقیق میں ’امیج ٹیکنیک‘ استعمال کی گئی۔

راگنی ورما اس تحقیق سے منسلک تھیں اور انکا کہنا ہے کہ، ’دماغوں کے جائزے سے ہمیں یہ معلوم ہوا کہ مرد و خواتین کے دماغوں میں بہت واضح فرق ہے۔ جس طرح سے مرد کا دماغ بنایا گیا ہے عورت کا دماغ ویسے نہیں بنایا گیا۔ اسی لیے ہمیں یہ اندازہ ہوتا ہے کہ کیوں چند امور مرد زیادہ بہتر طور پر انجام دیتے ہیں اور چند امور میں خواتین مردوں سے کیوں آگے ہیں؟‘

تحقیق بتاتی ہے کہ عموماً مرد نئی چیزیں اور ایسے فن سیکھنے میں زیادہ آگے ہوتے ہیں جو کہ ایک شخص سرانجام دے سکے جیسا کہ سائیکل چلانا سیکھنا وغیرہ جبکہ خواتین کی یادداشت مردوں کی نسبت تیز ہوتی ہے اور وہ عموماً گروپ میں کام کرنا زیادہ پسند کرتی ہیں۔

اس تحقیق میں 949 افراد کی ذہنی سرگرمیوں کا جائزہ DTI Imaging سے لیا گیا۔ اس میں 521 خواتین جبکہ 428 مرد شامل تھے۔

تحقیق میں ماہرین کو معلوم ہوا کہ خواتین کے دماغ میں Cerebrum (دماغ کا سب سے بڑا حصہ) میں دماغ کے دائیں اور بائیں حصے کے درمیان زیادہ تعلق ہوتا ہے۔ دوسری طرف مردوں کے دماغ میں ایسا نہیں ہے۔
XS
SM
MD
LG