رسائی کے لنکس

ایک باہمت پاکستانی نوجوان کی کہانی۔۔۔


جہانزیب اعوان کا تعلق کراچی کے علاقہ ملیر سے ہے۔ سات سال کی عمر میں ایک ٹریفک حادثہ میں جہانزیب ایک ٹانگ سے محروم ہو گئے تھے۔

25 جولائی کو جہانزیب اعوان اپنی کہانی کے ساتھ پروگرام میں شامل ہوئے تھے۔۔۔ لیکن اس سے بھی پہلے رانا محمد عمران نے فیس بک پر ان کا تعارف مجھ سے کروایا تھا ۔۔۔ اور جیسا کہ میں ہمیشہ کہتی ہوں یہی پروگرام ’میری کہانی ‘ کی خوبصورتی ہے کہ اسے آپ سب بجا طور پر اپنا پروگرام تصور کرتے ہیں ۔۔۔ اور عمران تو ہمارے سٹیزن جرنلسٹ کا ایوارڈ بھی حاصل کر چکے ہیں۔ آپ ان کے بارے میں مزید تفصیل ان کے فیس بک پیج پر جا کر پڑھ سکتے ہیں۔

جہانزیب اعوان کا تعلق کراچی کے علاقہ ملیر سے ہے۔ سات سال کی عمر میں ایک ٹریفک حادثہ میں جہانزیب ایک ٹانگ سے محروم ہو گئے تھے۔ رانا عمران نے بتایا کہ والد اور والدہ کی وفات اور ایک ٹانگ سے معذوری کے باوجود اس باہمت نوجوان نے اپنی پانچ بہنوں اور ایک بھائی کو سہارا دیا اور تعلیم کے ساتھ ساتھ فنی اور تخلیقی شعبوں میں بھی سرگرم رہے۔

جہانزیب اعوان بی کام کے طالب علم ہیں اور حیرت انگیز بات یہ ہے کہ ایک ٹانگ سے محرومی کے باوجود باڈی بلڈنگ ، جمناسٹک، رقص، اداکاری اور پروڈکشن میں انتہائی دلچسپی رکھتے ہیں۔ اور جمناسٹک میں ہاتھوں پر الٹا کھڑا رہنے کا ورلڈ ریکارڈ بنانے کی خواہش بھی ہے۔

پاکستان کے کچھ ٹی وی چینلز نے جہانزیب پر پروگرام کئے جن کے ویڈیو انہوں نے فیس بک پر پوسٹ کر دیئے اور اس طرح ان کا تعارف بھارت کے ایک ایسے ڈائرکٹر سدھارتھ داس سے ہوا جن کا ’پیشن‘ دستاویزی فلمیں بنانا ہے۔۔ سدھارتھ داس کا دل محض جہانزیب کی ہمت نے ہی اپنی طرف نہیں کھینچا تھا بلکہ ان کی اس بات نے بھی کہ،’ ان کے ہیرو سلمان خان ہیں‘ ۔ انہوں نے اس پاکستانی نوجوان کو اپنی دستاویزی فلم ’ٹیلنٹ آف پاکستان‘ میں مرکزی کردار کی آفر کی۔۔


ہمارے پروگرام میں گفتگو میں سدھارت نے کہا کہ’ دونوں ملکوں کے درمیان عشروں کی دوری کو ایسے ہی جذبات کو سامنے لا کر کم کیا جاسکتا ہے‘۔ آپ سدھارتھ کی نئی ڈاکومنٹری ’دامنی‘ کی ایک جھلک اسی صفحے پر پوسٹ کئے جانے والے ان کے پرومو میں دیکھ سکتے ہیں۔ جو اس لڑکی کے بارے میں ہے جو ایک بس میں اجتماعی زیادتی اور تشدد کا شکار ہونے کے چند دن بعد چل بسی تھی۔

جہانزیب کو اس آفر کے بعد مالی دشواریوں کا مسئلہ درپیش تھا۔ بھارت جانے کا کرایہ ان کی استطاعت سے باہر تھا اور اسی لئے انہوں نے ہمارے پروگرام ’میری کہانی‘ سے رابطہ کیا تھا۔ سدھارت نے بھارت میں ان کے تمام اخراجات اٹھانے کا وعدہ کیا ہے ۔ وائس آف امریکہ کے پروگرام میں انہوں نے کہا کہ بھارتی فلمساز و ہدیتکار سدھارتھ داس کی دستاویزی فلم ٹیلنٹ آف پاکستان میں مرکزی کردار کی آفر ملنے پر بہت خوشی ہوئی جسے میں نے فوراً قبول کر لیا۔ ٹیلنٹ آف پاکستان کا اسکرپٹ بھارتی رائٹر شنتانوسین نے لکھا ہے۔

اسی پروگرام میں شرکت کرنے والی ممتاز سماجی کارکن عارفہ شمسہ نے کہا کہ جہاں زیب جیسے فن کاروں کے مسائل، چینلز کو اجاگر کرنے چاہیئں۔

اعجاز جنجوعہ (دائیں ہاتھ سے تیسرے)
اعجاز جنجوعہ (دائیں ہاتھ سے تیسرے)

ہمیشہ کی طرح اس بار بھی ہمیں ایک انسان دوست شخصیت قریبی ریاست میری لینڈ میں ہی مل گئی۔ اعجاز جنجوعہ صاحب کا تعلق پاکستان کے شہر راولپنڈی سے ہے۔ امریکہ میں انہوں نے اپنے شعبے بزنس ایڈمنسٹریشن اور مالیات میں آٹھ سال تک یونیورسٹی میں تدریس کے فرائض انجام دیئے اور پھر بالٹی مور میں اپنی ٹریول ایجنسی ’سپر ایگل ٹریولز‘ کے نام سے شروع کی جو اتنی تیزی سے آگے بڑھی کہ انہیں مکمل طور پر بزنس کو ہی وقت دینا پڑا۔ جہانزیب کی کہانی اور سدھارتھ داس کی انسانیت نے انہیں اتنا متاثر کیا کہ انہوں نے فوری طور پر اس نوجوان فنکار کے لئے بھارت کے ہوائی سفر کا دو طرفہ ٹکٹ دینے کا وعدہ کر لیا۔۔

یہ فلم 14 اگست کو پاکستان اور 15 اگست کو بھارت میں ریلیز کی جائے گی۔

اور یوں ایک اور کہانی مسکراہٹوں کے ساتھ انجام کو پہنچی۔۔

اس پروگرام کی مزید تفصیلات کے لئے مندرجہ ذیل لنک پر جائیں جہاں آپ یہ پورا پروگرام سن سکتے ہیں۔

http://www.urduvoa.com/audio/audio/309593.html
XS
SM
MD
LG