رسائی کے لنکس

گوگل سرچ پر مقبول بین الاقوامی یونیورسٹیاں


آن لائن 10 مقبول یونیورسٹیوں کی اس فہرست میں بھارت کی دو یونیورسٹیاں بھی شامل ہیں۔

دنیا کے مقبول انٹرنیٹ سرچ انجن 'گوگل' نے آن لائن سرچ پرمقبول بین الاقوامی یونیورسٹیوں کی رینکنگ جاری کی ہے ۔

گوگل نے یہ رینکنگ دنیا بھر سے یونیورسٹیوں کے بارے میں آن لائن معلومات کی تلاش (سرچ) کےاعداد وشمارکو استعمال کرتے ہوئے تیار کی ہے۔

سرچ انجن گوگل کے مطابق آن لائن تلاش کے لحاظ سے 'فینکس یونیورسٹی' کو اپنے آن لائن کورسز کی مقبولیت کی وجہ سے ٹاپ یونیورسٹی کا درجہ حاصل ہوا ہے جس کے بعد 'میسا چوسٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی' آن لائن سرچ پر مقبول رہی ہے ۔

اگرچہ مقبول یونیورسٹیوں کی درجہ بندی کی فہرست میں امریکی اور برطانوی تعلیمی اداروں کو سبقت حاصل ہے لیکن آن لائن مقبول یونیورسٹیوں کی رینکنگ روایتی نتیجے سے مختلف ہے جس میں برطانیہ کی قدیم یونیورسٹیوں کے مقابلے میں فاصلاتی تعلیم کی 'اوپن یونیورسٹی' آن لائن مقبول یونیورسٹیز کی رینکنگ میں تیسرے نمبر پر ہے۔

نتیجے میں یہ انکشاف بھی کیا گیا ہے کہ آن لائن ٹاپ 10 مقبول یونیورسٹیوں کی اس فہرست میں بھارت کی دو یونیورسٹیاں بھی شامل ہیں۔ کیرالہ کی 'کالیکٹ یونیورسٹی' گوگل سرچ کی چوتھی مقبول یونیورسٹی ہے اور چنائی کی 'اننا یونیورسٹی' کو سرچ انجن پر مقبولیت کے لحاظ سے چھٹا رینک ملا ہے۔

انٹرنیشنل سرچ کے نتیجے کے اعتبار سے دنیا بھر میں 40 فیصد لوگ برطانوی یونیورسٹیوں کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے لیے گوگل سرچ کو استعمال کرتے ہیں۔ جبکہ گوگل کہ کہنا ہے کہ گوگل سرچ پرروایتی کیمپس کے مقابلے میں آن لائن کورسز یا فاصلاتی تعلیم کے حوالے سے زیادہ معلومات حاصل کی جارہی ہے ۔

یہی وجہ ہے کہ 'یونیورسٹی کالج لندن' اور 'لندن اسکول آف اکنامکس' آن لائن مقبولیت کے اعتبار سے اس فہرست میں آٹھویں اور بارہویں مقبول یونیورسٹیاں ہیں جبکہ برطانیہ کے بہترین اعلٰی تعلیمی ادارے سرچ انجن پر مقبولیت کے لحاظ سے بہت پیچھے ہیں، یعنی یونیورسٹی آف آکسفورڈ اور یونیورسٹی آف کیمبرج بالترتیب 13 اور 16 نمبر پر ہیں۔

گوگل سرچ پر مقبولیت کے لحاظ سے ٹاپ 20 یونیورسٹیوں میں دیگر امریکی یونیورسٹیوں میں کیلی فورنیا یونیورسٹی، اسٹینفورڈ، کولمبیا یونیورسٹی، نیویارک یونیورسٹی، فلوریڈا یونیورسٹی، لبرٹی یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف مشی گن کا نام شامل ہے۔

ٹاپ 20 آن لائن مقبول یونیورسٹیوں کی فہرست میں بھارت سے پانچ یونیورسٹیاں شامل ہیں جن میں ممبئی یونیورسٹی 'کو گوگل پر مقبولیت کے اعتبار سے 11 واں نمبر دیا گیا ہے جبکہ 'یونیورسٹی آف راجستھان' اور 'اننا ملائی یونیورسٹی' بالترتیب 18 اور 20 ویں نمبر پر ہیں ۔

گوگل کے تجزیہ کاروں کی ٹیم کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ یونیورسٹیوں کے لیے ممکنہ طالب علموں تک پہنچنے کا ایک اہم ذریعہ بن گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG