رسائی کے لنکس

نیٹو نے افغان سویلین ہلاکتوں کا اعتراف کرلیا


نیٹوکی جاری کردہ ایک خبر کے مطابق مشرقی افغانستان میں اتحادی اور افغان فوج کے مشترکہ آپریشن میں متعدد شہری ہلاک ہوگئے ۔ نیٹو نے انسانی جانوں کے اس نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

اتحادی افواج کے حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں کی صحیح تعداد معلوم نہیں ہوسکی تاہم یہ کم از کم چار اور عین ممکن ہے درجن یا پھراس سے بھی زیادہ ہو۔

واقعہ افغانستان کے صوبے نگرہار میں جمعرات کوصبح پیش آیا۔ مقامی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ دو مختلف واقعات میں کم ازکم 26 شہری ہلاک ہوئے۔ افغان صدر حامد کرزئی نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

نیٹو کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب ضلع شیرزاد کے ایک گاوٴں خوازہ خیل میں طالبان کمانڈر کی تلاش کے دوران فوج پر فائرنگ کی گئی۔ اتحادی فوج نے جوابی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں کئی افراد ہلاک ہوگئے۔

نیٹو نے اپنے بیان میں کسی دوسرے واقعے کا ذکر نہیں کیا تاہم مقامی افغان عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ایک دوسرے واقعے میں کچھ شہریوں کی گاڑیوں کا قافلہ سیلابی علاقے کو عبور کررہا تھاکہ ان پرفوج نے فائرنگ کردی ۔

جمعرات کو ہی شمالی صوبے قندوز میں پیش آنے والے ایک اور واقعے میں ایک خود کش حملہ آور نے افغان اور نیٹو افواج پر حملہ کرکے سات افغان پولیس اہلکاروں کو ہلاک کردیا۔

وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ ضلع امام صاحب میں ایک خود کش بمبار نے فوجی قافلے سے دھماکا خیز مواد سے بھری گاڑی ٹکرادی۔ حملے کے نتیجے میں چھ پولیس اہلکارہلاک اور پانچ شہری زخمی ہوگئے۔ نیٹو کے ترجمان کا کہنا ہے کہ حملے میں اتحادی فوج کو بھی نقصان پہنچا ہے تاہم انہوں نے مزید تفصیلات سے گریز کیا۔

ایسوسی ایٹیڈ پریس کی رپورٹس میں اس حملے کی ذمے داری طالبان نے قبول کی ہے۔ صدر حامد کرزئی نے افغانستان میں موجود فوجی یونٹس کو ہدایات دی ہیں کہ شہریوں کی ہلاکت کو ممکنہ حد تک کم سے کم رکھا جائیں۔

نیٹو کے مطابق جمعرات کی صبح صوبہ قندھار میں افواج کے زیر استعمال ایک ہیلی کاپٹر میں لینڈنگ کے دوران آگ لگ گئی۔ اتحادیوں کا کہنا ہے کہ پندرہ میں سے آٹھ مسافروں کو معمولی چھوٹیں آئیں۔

واقعہ کے بعد افغا ن اور نیٹو پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ نیٹو کا کہنا ہے کہ وہ واقعے کی تحقیقات کررہی ہے۔ ادھر پڑوسی صوبے ہلمند میں افغان عہدیداروں نے سڑک کنارے نصب بم پھٹنے کے نتیجے میں نوشہریوں کی ہلاکت کی اطلاع دی ہے۔

XS
SM
MD
LG