رسائی کے لنکس

پیرس میں نواز شریف اور نریندر مودی کی غیر رسمی ملاقات


پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کے پس منظر میں دونوں رہنماؤں کے درمیان اس رابطے کو خوش آئند پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف اور ان کے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کے درمیان پیرس میں ماحولیاتی تبدیلیوں سے متعلق ہونے والی عالمی کانفرنس کے موقع پر غیر رسمی ملاقات ہوئی۔

سرکاری بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ مختصر رابطہ خوش گوار ماحول میں ہوا۔

وزیراعظم ہاؤس کی طرف سے جاری ایک مختصر ویڈیو میں نواز شریف اور نریندر مودی ایک دوسرے سے خوشگوار ماحول میں بات چیت کر رہے ہیں۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کے پس منظر میں دونوں رہنماؤں کے درمیان اس رابطے کو خوش آئند پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

پاکستانی وزیراعظم نواز شریف اور ان کے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کے درمیان آخری ملاقات رواں سال جولائی میں روس کے شہر اوفا میں منعقدہ ایک کانفرنس کے موقع پر ہوئی تھی جس میں دونوں رہنماؤں نے تعلقات میں تلخی کو کم کرنے سے مختلف اقدامات پر اتفاق کیا تھا۔

جنوبی ایشیا کی دونوں ہمسایہ ایٹمی قوتوں کے درمیان تناؤ کی ایک بڑی وجہ حالیہ مہینوں میں ورکنگ باؤنڈری اور کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر فائرنگ و گولہ باری کے تبادلے کے متعدد واقعات ہیں جن میں دونوں جانب متعدد افراد ہلاک و زخمی ہو چکے ہیں۔

دونوں ملک ایک دوسرے پر فائرنگ میں پہل کرنے کا الزام عائد کرتے ہیں ۔

پاکستان کی رینجرز اور بھارت کی بارڈر سکیورٹی فورس کے کمانڈروں کے درمیان رواں سال ستمبر میں ہونے والے ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان 2003 میں طے پانے والے فائر بندی کے معاہدے پر عمل درآمد پر اتفاق کیا گیا تھا، تاہم اس کے باوجود لائن آف کنڑول اور ورکنگ باؤنڈری پر فائرنگ کے تبادلے کے واقعات جاری رہے۔

امریکہ اور چین کے علاوہ اقوام متحدہ پاکستان اور بھارت پر زور دیتے رہے ہیں کہ دونوں ملکوں کو کشیدگی کم کرنے کے لیے اقدامات کرنے چاہیں۔

XS
SM
MD
LG