نیپال میں مسافروں سے بھری ہوئی ایک بس دریائے کَرنالی میں جاگِری جس کے نتیجے میں دو درجن سے زائد لوگ ہلاک ہوگئے۔
یہ حادثہ جمعرات کی صبح سات بجے کے قریب ضلع دائلیکھ میں پیش آیا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق، یہ بس کالی کوٹ کے مقام سے سُرکھیت جارہی تھی کہ اچانک ڈرائیور توازن کھو بیٹھا اور بس ہائی وے سے لُڑک کر دریا میں جا گِری۔
مرنے والوں میں کئی عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں۔ ہلاکتوں کے بارے میں متضاد خبریں آرہی ہیں۔ ایک اطلاع کے مطابق، مرنے والوں کی تعداد 24ہے جب کہ دوسری میں 31بتائی گئی ہے۔
پولیس نے 24ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔ کئی مسافر لاپتا ہیں جِن کے بارے میں خدشہ ہے کہ یا تو دریا کی لہریں اُنھیں بہا لے گئیں، یا وہ غرقاب بس کے اندر پھنسے ہوئے ہیں۔
مقامی لوگوں اور پولیس نے 10افراد کو بچا لیا ہے لیکن وہ کافی زخمی حالت میں تھے، اِس لیے اُنھیں ایک ہیلی کاپٹر کے ذریعے حادثے کی جگہ سے قریبی ہسپتال پہنچا دیا گیا۔
پولیس کے مطابق، بس میں گنجائش سے زیادہ مسافر سوار تھے۔ کچھ لوگ بس کی چھت پر بھی بیٹھے ہوئے تھے۔