رسائی کے لنکس

دل گارڈن گارڈن ہوگیا: ایک کروڑ روپے کا صرف ایک گانا


بالی وڈ کی کامیاب فلمساز ایکتا کپور جب کچھ کرنے کی ٹھان لیں تو پھر اس کے لئے سب کچھ کر گزرتی ہیں جو دوسرے کرتے ہوئے ڈرتے ہیں۔ شاید ان کی یہی دھن ان کی بے مثال کامیابی کا را ز ہے۔ اب یہی دیکھ لیجئے کہ وہ ایک گانےکو پکچرائز کرانے میں اس حد تک آگے نکل گئیں کہ ایک کروڑ روپے خرچ کربیٹھیں، جبکہ دوسرے لوگ اتنے میں پوری فلم بنا ڈالتے ہیں۔
ہم بات کررہے ہیں ان کی 27جولائی کو ریلیز ہونے والی نئی فلم’کیاسپر کول ہیں ہم‘ کی ۔ اس کے ایک گانے کے بول ہیں ”دل گارڈن گارڈن ہوگیا“۔ ایکتا نے جب سچن کی کمپوزنگ میں اس گانے کو پہلی بار سنا توپہلی دفعہ میں ہی اتنی پرجوش ہو گئیں کہ فلم کی پروڈکشن ٹیم کو فوری طور پر شاندار سیٹ لگانے کی ہدایت کردی۔
کہتے ہیں کہ جتنا گڑ ڈالا جائے اتنا ہی میٹھا ہوتا ہے تو بس اسی پر عمل کرتے ہوئے فلم میکر پردیپ سرکارکی بہن مدھو نے ”دل گارڈن گارڈن۔۔“ کے لئے تیز اور شوق رنگوں سے چمکتا دمکتا سیٹ لگا ڈالا جو بالکل منفرد اور خوبصورت تھا۔ ایسا اس لئے ممکن ہوا کہ مدھوکو ہر چیز کی کھلی چھوٹ مل گئی تھی ۔ انہوں نے آسٹن پاورز کاسیٹ اپ لگایا۔ بالی وڈ میں اس سے پہلے یہ کوشش کسی نے نہیں کی۔اطلاعات کے مطابق اس سیٹ پر ایک کروڑ روپے خرچ کئے گئے۔
فلم پروڈکشن کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ جب سچن یارڈی نے کوریوگرافر ز باسکو۔سیزر کے ساتھ ایکتا کو گانے کی سچویشن بتائی تو انہوں نے ایک لمحہ بھی ضائع کئے بغیر گانے کو شاندار انداز میں پکچرائز کرنے کی ٹھان لی۔ ایکتا بس یہی چاہتی تھیں کہ نتیجہ ان کی مرضی کا نکلے۔
اس گانے کے لئے ایکتا نے اخراجات کی پرواہ نہیں کی۔ جب گانا مکمل ہوا تو ایکتا نے تسلیم کیا کہ ان کی محنت اور لاگت ضائع نہیں گئی۔ ان کی امید یقین میں بدل گئی کہ گانا ریلیز ہو کر مقبولیت حاصل کرے گا۔
اور پھر ہوا بھی یہی۔فلم کا سب سے پہلے ریلیز کیا جانے والا گانا”دل گارڈن گارڈن‘ ‘سننے والوں کے دلوں کو واقعی ”گارڈن گارڈن “ کر گیا۔اس کا شمار ہٹ گانوں میں ہورہا ہے ۔
تشار کپور، رتیش دیش مکھ،نیہاشرمااور سارہ جین ڈیاس جیسے ستاروں سے سجی ”کیا سپر کول ہیں ہم‘ ‘کے گانے نے شائقین کو اپنے بس میں کرلیا ہے اور اب وہ انتظار کر رہے ہیں بے چینی سے فلم کی ریلیز کا۔ فلم میں دیکھنے والوں کی دلچسپی کے لئے اور کیا کیا کچھ موجود ہے یہ جاننے کے لئے انہیں صرف 27 جولائی تک انتظار کرنا پڑے گا۔

XS
SM
MD
LG