ورلڈ نمبر دو کھلاڑی رفائل نڈال امریکہ کے فرانسس ٹیافو کو ہرا کر آسٹریلین اوپن کے مردوں کے سنگلز مقابلوں کے سیمی فائنل میں پہنچ گئے ہیں۔
کوارٹر فائنل میں اُنہوں نے ٹیافو کو بغیرکوئی سیٹ ہارے 6-3, 6-4 اور 6-2 سے شکست دی۔
17 بار گرینڈ سلیم ٹورنمنٹ جیتنے والے سپین کے نڈال تینوں سیٹس میں ٹیافو کی پہلی سروس بریک کرنے کے بعد تیسرے سیٹ کی دوسری سروس بھی بریک کر نے میں کامیاب رہےاور یوں یہ میچ سٹریٹ سیٹس سے جیت لیا۔
میچ کا فیصلہ صرف ایک گھنٹہ اور 47 منٹ میں ہو گیا۔
میچ کے بعد نڈال نے میڈیا کو بتایا کہ اُنہیں تینوں سیٹس میں سروس بریک کرنے سے اعتماد حاصل ہوا اور پھر وہ خود بہت اچھی سروس کرنے میں کامیاب رہے۔
نڈال حال ہی میں اپنی سروس کو بہتر بنانے کیلئے محنت کر رہے تھے اور آج منگل کے روز اُنہوں نے اسی تبدیل شدہ تیز رفتار سروس کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے یہ میچ باآسانی جیت لیا۔
32 سالہ نڈال اور 21 سالہ ٹیافو کے اس میچ کو دو نسلوں کے درمیان ایک دلچسپ میچ کے حوالے سے دیکھا جا رہا تھا کیونکہ اس سے پہلے عالمی نمبر ایک کھلاڑی راجر فیڈرر یونان کے 20 سالہ سٹیفنوز سٹ سیپاس سے شکست کھا کر آسٹریلین اوپن سے باہر ہو گئے تھے۔
سہمی فائنل میں نڈال کا مقابلہ فیڈرر کو ہرانے والے سٹیفنوز سٹ سپاس سے جمعرات کو ہوگاہو گا۔