رسائی کے لنکس

کیمرہ ساز کمپنی نائیکان نے چین میں اپنا پلانٹ بند کر دیا


ٹوکیو کی ایک معروف شاہرہ پر نائیکان کا شو روم، فائل فوٹو
ٹوکیو کی ایک معروف شاہرہ پر نائیکان کا شو روم، فائل فوٹو

سمارٹ فونز سے تصویر کشی کے تیزی سے بڑھتے ہوئے رجحان نے کیمروں کی صنعت پر غلبہ رکھنے والی کئی جاپانی کمپنیوں کو شدید مشکلات میں مبتلا کر دیا ہے۔ جن میں کینن، اولمپس اور سونی جیسی معروف کمپنیاں شامل ہیں۔

ایک مشہور اور پرانی کیمرہ ساز کمپنی ’ نائیکان‘ نے چین میں کیمرے بنانے کی اپنی ایک فیکٹری بند کر دی ہے، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ سمارٹ فونز میں نصب ڈیجیٹل کیمروں کے ذریعے تصویریں کھینچنے کا بڑھتا ہوا رجحان روایتی کیمروں کی صنعت کو منفی طور پر متاثر کر رہا ہے۔

جاپان کی معروف کیمرہ ساز کمپنی ٹائیکان ، جس کا صدر دفتر ٹوکیو میں ہے، اپنے مالی نقصانات پر قابو پانے کے لیے کمپنی کے ڈھانچے کی تشکیل نو کر رہی ہے۔

کمپنی نے کہا ہے کہ اس نے چین کے مشرقی صوبے جنانگ سو کے شہر ووژی میں اپنی فیکٹری ’نائیکان امیجنگ‘ میں کام بند کر دیا ہے۔ اس فیکٹری کے بند ہونے سے تقریباً 23 سو کارکن اپنے روزگار سے محروم ہو گئے ہیں۔

کمپنی کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حالیہ برسوں میں سمارٹ فونز میں ڈیجیٹل کیمروں کے بڑھتے ہوئے استعمال نے روایتی کیمروں کی مارکیٹ کو تیزی سے محدود کر دیا ہے، جس سے نائیکان امیجنگ کی پیداواری سرگرمیاں نمایاں طور پر متاثر ہوئیں ہیں اور ہمارے کاروباری ماحول کے لیے مشکلات پیدا ہو رہی ہیں۔

بیان میں کہا ہے کہ موجودہ صورت حال کے تناظر میں کمپنی نے نائیکان امیجنگ کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

نائیکان نے کہا ہے کہ فیکٹری کی بندش سے اسے تقریباً 6 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کا نقصان ہوگا تاہم چین بدستور ان کے لیے ایک اہم مارکیٹ رہے گا۔

سمارٹ فونز سے تصویر کشی کے تیزی سے بڑھتے ہوئے رجحان نے کیمروں کی صنعت پر غلبہ رکھنے والی کئی جاپانی کمپنیوں کو شدید مشکلات میں مبتلا کر دیا ہے۔ جن میں کینن، اولمپس اور سونی جیسی معروف کمپنیاں شامل ہیں۔

اس سے قبل ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی آمد نے فوٹوگرافی میں فلم کے استعمال کا خاتمہ کر دیا تھا۔

حالیہ برسوں میں سمارٹ فونز تیزی سے کئی دیگر آلات اور صنعتوں کی جگہ لے رہے ہیں جن میں گھڑیاں، لیپ ٹاپ اور اخبارات شامل ہیں، لیکن ا جدید فون نے سب سے زیادہ نقصان کیمروں کی صنعت کو پہنچایا ہے۔

جاپان کی کیمرہ انڈسٹری حالیہ برسوں میں گرتی ہوئی مانگ کے پیش نظر روایتی کیمروں کی پیداوار میں نمایاں طور پر کم کر چکی ہے۔

کئی کیمرہ ساز کمپنیوں نے اپنی ترجيحات تبدیل کردی ہیں اور وہ جدید طبی آلات کی مارکیٹ میں چلے گئے ہیں اور کچھ کمپنیاں اب صرف قیمتی پروفیشنل کیمرے بنا رہی ہیں۔

XS
SM
MD
LG