رسائی کے لنکس

بھارت: ممبئی میں عمارت گرنے سے 15 افراد ہلاک


منہدم عمارت کے ملبے تلے دبے افراد کی تلاش کا کام جاری ہے
منہدم عمارت کے ملبے تلے دبے افراد کی تلاش کا کام جاری ہے

منہدم عمارت پانچ منزلہ تھی جسے 117 سال قبل تعمیر کیا گیا تھا۔ عمارت کی بالائی منزلوں میں نو خاندان رہائش پذیر تھے جب کہ اس کی پہلی منزل پر گودام تھے۔

بھارت کے شہر ممبئی میں 117 سال پرانی ایک عمارت منہدم ہونے سے کم از کم 15 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

پولیس کے مطابق واقعہ ممبئی کے گنجان آباد علاقے ڈونگری میں جمعرات کی صبح پیش آیا۔ واقعے میں 34 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

منہدم عمارت پانچ منزلہ تھی جسے 117 سال قبل تعمیر کیا گیا تھا۔ عمارت کی بالائی منزلوں میں نو خاندان رہائش پذیر تھے جب کہ اس کی پہلی منزل پر گودام تھے۔

حکام کو خدشہ ہے کہ اب بھی 10 سے زائد افراد عمارت کے ملبے تلے دبے ہوسکتے ہیں جن کی تلاش کا کام جاری ہے۔

بھارت میں قدرتی آفات سے نبٹنے کے ادارے کی ایک بڑی ٹیم بھی جائے حادثہ پر امدادی کارروائیوں میں مصروف ہے۔

واقعے کے بعد متاثرہ عمارت سے متصل عمارتوں کو بھی خالی کرالیا گیا ہے۔ ڈونگری کا علاقہ انتہائی گنجان آباد ہے جہاں کی گلیاں بہت تنگ ہیں۔ علاقے میں ایک دوسرے سے جڑی کئی عمارتیں لگ بھگ ایک صدی پرانی ہیں۔

ممبئی کے حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجہ گزشتہ دو روز کے دوران ہونے والی طوفانی بارش ہوسکتی ہے جس سے شہر بڑی حد تک مفلوج ہوگیا تھا۔

بارشوں کے باعث ممبئی کے کئی علاقے پانی میں ڈوب گئے تھے جب کہ مختلف حادثات میں اب تک 14 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوچکی ہے۔

ممبئی میں ڈیڑھ ماہ کے دوران عمارت منہدم ہونے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل 17 جولائی کو ایک چار منزلہ عمارت گرگئی تھی جس میں 17 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

XS
SM
MD
LG