رسائی کے لنکس

طب کا نوبیل انعام دو امریکی سائنس دانوں کے نام


طب کے شعبے میں نوبیل انعام حاصل کرنے والے امریکی سائنس دان ڈیوڈ جولیئس اور آرڈم پیٹاپوشن کا کام 'سومیٹو سینسیشن' کے شعبے پر مرکوز ہے۔
طب کے شعبے میں نوبیل انعام حاصل کرنے والے امریکی سائنس دان ڈیوڈ جولیئس اور آرڈم پیٹاپوشن کا کام 'سومیٹو سینسیشن' کے شعبے پر مرکوز ہے۔

طب اور فزیالوجی کے شعبے کا نوبیل انعام برائے 2021 امریکی سائنس دان ڈیوڈ جولیس اور آرڈم پیٹاپوٹین کے نام رہا جنہیں حرارت اور چھونے کا احساس دلانے والے 'ریسیپٹرز' دریافت کرنے پر ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔

ریسیپٹرز انسان کے جسم میں موجود ایسا کیمیائی اسٹرکچر ہے جو دماغ کو گرم، ٹھنڈا اور دیگر تبدیلیوں پر ردِ عمل ظاہر کرنے کا پیغام بھیجتے ہیں۔

خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق نوبیل انعام برائے 2021 کے فاتحین کا اعلان پیر کو نوبیل کمیٹی کے سیکرٹری جنرل تھومس پرلمن کی جانب سے کیا گیا۔

طب کے شعبے میں نوبیل انعام حاصل کرنے والے امریکی سائنس دان ڈیوڈ جولیس اور آرڈم پیٹاپوٹین کا کام 'سومیٹو سینسیشن' کے شعبے پر مرکوز ہے جو انسانی جسم کے مخصوص اعضا آنکھ، کان، جلد اور محسوس کرنے کی صلاحیت پر مبنی ہے۔

فاتحین کا اعلان کرنے کے موقع پر نوبیل کمیٹی کے سیکرٹری جنرل تھومس پرلمن نے کہا کہ "یہ دریافت ہماری بقا کے لیے بے حد اہم ہے۔"

'رائٹرز' کے مطابق نوبیل کمیٹی کا کہنا تھا کہ یہ معلومات متعدد بیماریوں اور تکالیف کے علاج کے لیے مددگار ثابت ہوں گی۔

نوبیل کمیٹی کا کہنا تھا کہ 65 سالہ سائنس دان ڈیوڈ جولیس نے انسانی جسم میں موجود نیورو سینسر (جِلد پر گرم، ٹھنڈا محسوس ہونے پر ردِعمل ظاہر کرنے والے والے سینسر) کی شناخت کے لیے مرچ میں موجود فعال جُز 'کیپسیسن' کا استعمال کیا ہے۔

گزشتہ برس ان ہی دونوں امریکی سائنس دانوں کو نیورو سائنس کے شعبے میں معتبر کیولی ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔

واضح رہے کہ چند سائنس دانوں نے طب کے شعبے میں کرونا ویکسین بنانے والے سائنس دانوں کو رواں برس یا آئندہ آنے والے برسوں میں نوبیل انعام سے نوازنے کی تجویز کی تھی۔

وبا کی وجہ سے گزشتہ برس کی طرح اس سال بھی نوبیل کی تقریب غیر روایتی انداز میں ہی منعقد کی گئی۔

کرونا وبا سے قبل نوبیل ایوارڈز کی تقسیم کی تقریب الفریڈ نوبیل کی برسی کے دن یعنی 10 دسمبر کو اسٹاک ہوم میں منعقد ہوتی رہی ہے۔

معروف سائنس دان الفریڈ نوبیل سے منسوب 'نوبیل پرائز' سب سے پہلے 1901ء میں سائنس، ادب اور امن کے شعبوں میں دیا گیا تھا۔

بعد ازاں 1969 میں اس میں معاشیات کا شعبہ بھی شامل کیا گیا تھا۔

اس خبر میں بعض معلومات خبر رساں ادارے 'رائٹرز' اور 'ایسوسی ایٹڈ پریس' سے لی گئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG