رسائی کے لنکس

پاکستان: غیر مسلم ووٹرز میں ’یہودی‘ بھی شامل


غیر مسلم ووٹرز سے متعلق اعداد و شمار دلچسپی سے خالی نہیں۔ ان میں بعض پہلو تو ایسے ہیں جن کے بارے میں جان کر حیرت انگیز مگر خوش گوار احساس ہوتا ہے۔

بے شک پاکستان کا نام دنیا کے اسلامی ممالک میں سرفہرست آتا ہے، لیکن یہاں آباد غیر مسلموں کی تعداد بھی کچھ کم نہیں۔ مسلم ووٹرز کے ساتھ ساتھ غیر مسلم ووٹرز کی بات کریں تو یہ انکشاف بھی ہوتا ہے کہ ملک کے تقریباً 28 لاکھ ووٹرز میں یہودی بھی شامل ہیں۔

یوں تو پاکستان ایک اسلامی ملک ہے جہاں کی آبادی کی اکثریت مسلمانوں پر مشتمل ہے۔ لیکن آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ یہاں پر موجود اقلیتیں بھی پوری طرح سے انتخابات میں حصہ لیتی ہیں۔ پاکستان میں رہنے والے یہودی، عیسائی، پارسی، سکھ اور بدھ مت کے پیروکار باقاعدگی سے اپنا حق ِ رائے دہی استعمال کرتے ہیں۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے غیر مسلم ووٹرز سے متعلق جاری کردہ اعداد وشمار عام لوگوں کے لئے دلچسپی سے خالی نہیں۔ ان میں بعض پہلو تو ایسے ہیں جن کے بارے میں جان کر حیرت انگیز مگر خوش گوار احساس ہوتا ہے۔ مثلاً :

اس بار عام انتخابات میں 800 یہودی بھی اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ یہودی ووٹرز میں خواتین کی تعداد مردوں کے مقابلے میں زیادہ ہے جن میں 427 خواتین اور 382 مرد ووٹرز شامل ہیں۔

ایک دلچسپ بات یہ بھی ہے کہ ملک کے پندرہ اضلاع ایسے ہیں جہاں کے غیر مسلم ووٹرز انتخابی نتائج پر براہ راست اثر انداز ہوں گے کیوں کہ ملک میں سب سے زیادہ تعدادہندو ووٹرز کی ہے ۔ دوسرے نمبر پر عیسائی اور تیسرے نمبر پر قادیانی ووٹرز ہیں۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں مجموعی طور پر 8کروڑ 57لاکھ 38ہزار 789 ووٹرز ہیں جن میں سے غیر مسلم ووٹرز کی کل تعداد27 لاکھ 70 ہزار ہے۔

اس وقت ملک بھر کے 96 اضلاع میں غیر مسلم ووٹر زآباد ہیں جبکہ صرف صوبہ ِسندھ کے 13 اضلاع میں سے عمر کوٹ اور تھر پارکر کے دو ایسے اضلاع ہیں جہاں غیر مسلم ووٹرز کی بہت بڑی تعداد موجود ہے۔ عمر کوٹ میں غیر مسلم ووٹرز کی تعداد 49 فیصد جبکہ تھرپارکر میں یہ تعداد 46 فیصد ہے۔

کمیشن کے مطابق سندھ کے دوسرے اضلاع میں بھی غیر مسلم ووٹرز کی ایک بڑی تعداد موجود ہے۔ ان اضلاع میں میر پور خاص، ٹنڈو اللہ یار، بدین ، سانگھڑ، ٹنڈو محمد خان، مٹیاری، گھوٹکی، جامشورو ، کشمور، حیدر آباد اور کراچی شامل ہیں۔

پنجاب کے دو اضلاع لاہور اور چنیوٹ میں بھی غیر مسلم ووٹرز خاصی بڑی تعداد میں موجود ہیں۔

غیر مسلم ووٹرز میں 14 لاکھ 40 ہزار ہندو ،12 لاکھ 38 ہزار عیسائی، ایک لاکھ 15 ہزار966 قادیانی، 5 ہزار5934 سکھ، 3 ہزار 650 پارسی اورایک 452 بدھ مت کے پیروکار اور باقی دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے ووٹرز ہیں۔

سندھ کا ضلع عمرکوٹ سب سے زیادہ اہمیت کاحامل ہے جہاں 49 فیصد ووٹرز غیر مسلم ہیں۔ یہاں غیر مسلم ووٹرز کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 79 ہزار501 ہے۔
XS
SM
MD
LG