رسائی کے لنکس

صدر اوباما کا دورہ بھارت مختصر کر دیا گیا


صدر اوباما اور خاتون اول مشیل اوباما منگل کو سعودی عرب جائیں گے جہاں وہ نئے بادشاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کریں گے۔

امریکہ کے صدر براک اوباما کا تین روزہ دورہ بھارت مختصر کر دیا گیا ہے اور وہ بادشاہ عبداللہ کے انتقال پر منگل کو سعودی عرب جائیں گے۔

ہفتہ کو وائٹ ہاؤس کے ایک بیان میں بتایا گیا کہ صدر اوباما اور خاتون اول مشیل اوباما منگل کو سعودی عرب جائیں گے جہاں وہ نئے بادشاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کریں گے۔

امریکی صدر سعودی فرمانروا عبداللہ کے انتقال پر تعزیت کریں جو جمعہ کو نوے برس کی عمر میں علالت کے بعد وفات پا گئے تھے۔

صدر اوباما بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی دعوت پر اتوار کو نئی دہلی پہنچ رہے ہیں جہاں وہ پیر کو یوم جمہوریہ کی مرکزی تقریب میں مہمان خصوصی ہوں گے۔

اپنے دورے کے آخری مرحلے میں انھوں نے منگل کو آگرہ میں تاج محل کی سیر کے لیے جانا تھا لیکن شائع شدہ اطلاعات کے مطابق اب یہ پروگرام منسوخ کر دیا گیا ہے۔

سعودی عرب کے بادشاہ عبداللہ علالت کے باعث جمعہ کو انتقال کر گئے تھے جس کے بعد سلمان بن عبدالعزیز نے سلطنت کا تحت سنبھالا۔

شاہ فہد کے انتقال پر تعزیت کے لیے دنیا بھر سے رہنما سعودی عرب جا رہے ہیں۔

امریکہ کے ایک وفد کو نائب صدر جو بائیڈن کی قیادت میں ریاض جانا تھا لیکن اب حکام کے مطابق نائب صدر واشنگٹن میں ہی رہیں گے اور اظہار افسوس کے لیے صدر اوباما نئے سعودی فرمانروا سے ملاقات کریں گے۔

XS
SM
MD
LG