رسائی کے لنکس

امریکہ میں اومیکرون کے پھیلاؤ میں تیزی، اقوامِ متحدہ کے متعدد اعلیٰ عہدے داروں کا کرونا ٹیسٹ مثبت


ڈاکٹر روشیل والنسکی، ڈائریکٹر سی ڈی سی
ڈاکٹر روشیل والنسکی، ڈائریکٹر سی ڈی سی

وائٹ ہاؤس کی کووڈ-19 کی رسپانس ٹیم نے بدھ کو کہا ہے کہ ابتدائی اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ کرونا کی نئی جینیاتی قسم اومیکرون امریکہ میں پھیل رہی ہے، لیکن اطمینان بخش پہلو یہ ہے کہ اس وقت دستیاب ویکسین کا بوسٹر اس کے خلاف مدافعت میں موثر دکھائی دے رہا ہے۔

وباؤں سے بچاؤ اور علاج کے امریکی ادارے، سی ڈی سی کی ڈائریکٹر روشیل والنسکی نے کہا ہے کہ اس وقت وائرس کی اس نئی قسم کی 36 ریاستوں میں موجودگی پائی جاتی ہے اور امریکہ میں تشخیص ہونے والے کل کیسز میں اس کی شرح 3 فیصد ہے، جب کہ کچھ علاقوں میں یہ شرح زیادہ ہے، جیسا کہ نیویارک اور نیو جرسی،جہاں اس کی موجودگی کی شرح 13 فیصد تک ہے۔

امریکہ میں اومیکرون دگنی رفتار سے پھیل رہا ہے

والنسکی نے کہنا ہے کہ اگرچہ امریکہ میں کرونا کیسز کی واضح اکثریت یعنی 96 فی صد ڈیلٹا کے کیسز ہیں، لیکن ابتدائی اعداد و شمار یہ ظاہر کرتے ہیں کہ اس کے پھیلنے کی شرح ڈیلٹا کے مقابلے میں دو گنی ہے۔

والنسکی نے وائٹ ہاؤس کے چیف میڈیکل ایڈوائزر انتھونی فاوچی اور کووڈ-19 ریسپانس کوآرڈینیٹر جیف زیئنٹس کے ساتھ کانفرنس میں اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ویکسین کی مکمل خوراک اور بوسٹر کے ساتھ جسم کا مدافعتی نظام اسے مؤثر طور پر روک سکتا ہے۔

ایک بچے کو فائزر ویکسین لگائی جا رہی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے ویکسین اومیکرون کے خلاف بھی تحفظ فراہم کرتی ہے۔
ایک بچے کو فائزر ویکسین لگائی جا رہی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے ویکسین اومیکرون کے خلاف بھی تحفظ فراہم کرتی ہے۔

ڈاکٹر فاوچی کا کہنا تھا کہ "ویکسین کا بوسٹر امیکرون کے خلاف مؤثر طور پر کام کرتا ہے اور کرونا کی اس قسم کے لیے اس وقت کسی اور مخصوص بوسٹر کی ضرورت نہیں ہے۔ "

ویکسین بوسٹر 10 گنا زیادہ تحفظ دیتا ہے

والنسکی نے امریکی نرسنگ ہومز کے حالیہ اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ جن لوگوں نے ویکسین نہیں لگوائی، یا جنہوں نے ویکسین کی خوراکوں کا کورس مکمل کیا ہوا ہے، ان افراد کا اومیکرون میں مبتلا ہونے کا امکان ایسے لوگوں کے مقابلے میں دس گنا زیادہ ہے جنہوں نے بوسٹر بھی لگوایا ہوا ہے۔

ڈاکٹر فاوچی نے بتایا کہ ڈیٹا سے یہ ظاہر ہوا ہے کہ بوسٹر لگوانے سے اومیکرون کے خلاف اینٹی باڈیز کا تحفظ 35 گنا تک بڑھ جاتا ہے۔

زیئنٹس نے سی ڈی سی کے اعداد و شمار پیش کیے جن سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ مکمل طور پر ویکسین شدہ شخص کے مقابلے میں ایسے شخص کا کرونا کے علاج کے لیے اسپتال میں داخل ہونےکا امکان 8 فی صد زیادہ ہے جس نے ویکسین نہ لگوائی ہو۔ جب کہ اس کا اس وبا سے ہلاکت کا امکان 14 گنا زیادہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

انہوں نے ییل یونیورسٹی کے صحت عامہ کے شعبے کے تحت کی جانے والی ایک تحقیق کا حوالہ دیا جس سے ظاہر ہوا ہے کہ کرونا سے بچاؤ کی ویکسین لگانے کی مہم کے نتیجے میں ایک کروڑ سے زیادہ افراد اسپتال میں داخل ہونے سے محفوظ رہے جب کہ 11 لاکھ جانیں بچائی گئیں۔

دسمبر کے دو ہفتوں میں ایک کروڑ 40 لاکھ امریکیوں نے بوسٹر لگوایا

کووڈ-19 رسپانس کوآرڈی نیٹر نے بتایا کہ دسمبر کے پہلے دو ہفتوں کے دوران ایک کروڑ 40 لاکھ افراد نے ویکسین کے بوسٹر لگوائے ہیں، جب کہ اسی مدت کے دوران مجموعی طور پر ویکسین کی دو کروڑ 60 خوراکیں لگائی گئیں۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ اب 20 کروڑ سے زیادہ امریکی شہریوں کو ویکسین کو مکمل خوراکیں لگ چکی ہیں، اور ساڑھے پانچ کروڑ لوگ ویکسین کے بوسٹر بھی لگوا چکے ہیں۔

کرونا کے پھیلاؤ کے سبب ملکہ الزبتھ نے فیملی لنچ منسوخ کر دیا

ادھر برطانیہ میں بکنگھم پیلس کے ذرائع نے بتایا ہے کہ ملکہ الزبتھ نے احتیاط کے پیش نظر ایک ایسے موقع پر اپنے خاندان کے ساتھ کرسمس سے پہلے کا لنچ منسوخ کر دیا ہے جب کہ برطانیہ میں کووڈ-19 کے کیسز بڑھ رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق"یہ فیصلہ ایک احتیاطی اقدام کے طور پر کیا گیا ہے کیونکہ خدشہ تھا کہ اس کے نتیجے میں بہت سے لوگوں کے کرسمس کے انتظامات خطرے میں پڑ سکتے ہیں۔

ملکہ برطانیہ الزبتھ نے کرونا کے پھیلاؤ کے پیش نظر کرسمس کا فیملی لنچ منسوخ کر دیا ہے۔
ملکہ برطانیہ الزبتھ نے کرونا کے پھیلاؤ کے پیش نظر کرسمس کا فیملی لنچ منسوخ کر دیا ہے۔

برطانیہ کے چیف میڈیکل آفیسر نے بدھ کے روز لوگوں کو متنبہ کیا کہ وہ کرسمس کے موقع پر دوسروں کے ساتھ زیادہ گھلنے ملنے سے اجتناب کریں، کیونکہ برطانیہ میں اس وبا کے نئی لہر کے آغاز کے بعد سے ریکارڈ کیسز سامنے آ رہے ہیں۔

برطانیہ کی 95 سالہ ملکہ نے وبائی مرض کے اس عرصے کے دوران اپنا زیادہ تر وقت لندن کے مغرب میں ونڈسر محل میں گزارا ہے۔ ان کے شوہر شہزادہ فلپ 70 سال سے زیادہ کی ازواجی زندگی گزارنے کے بعد اس سال اپریل میں انتقال کر گئے تھے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ترجمان کا کرونا ٹیسٹ پازیٹو

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے بدھ کے روز نیو یارک میں اپنے گھر سے سرکاری فرائض سرانجام دیے کیونکہ ان کے چیف ترجمان اور دیگر کئی افراد اعلیٰ سفارت کاروں کے کرونا ٹیسٹ مثبت آئے تھے۔

یہ ایک ہفتے سے بھی کم عرصے میں دوسرا موقع ہے جب اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو ممکنہ طور پر کرونا وائرس کے خطرے کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

ترجمان اسٹیفن ڈوجارک نے بدھ کی شام اپنی ایک ای میل میں نامہ نگاروں کو مطلع کیا کہ انہوں نے " دفتر کے کام کے لئے معمول کی جانچ" کے تحت دن کے آغاز میں اپنا کرونا ٹیسٹ کرایا تھا جو پازیٹو نکلا۔ اپنی ای میل میں انہوں ںے کہا کہ انہیں ویکسین کی مکمل خوراکیں لگ چکی ہیں اور انہوں نے بوسٹر بھی لگوا لیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں وائرس کی ہلکی علامات محسوس ہو رہی ہیں۔

دوجارک نے منگل کو معمول کے مطابق روزانہ کی پریس بریفنگ دی تھی۔

72 سالہ سیکرٹری جنرل گٹیرس کو بھی ویکسین کی مکمل خوراکیں لگ چکی ہیں اور 26 نومبر کو انہوں نے ویکسین کا بوسٹر بھی لگوا لیا تھا۔

وہ جمعرات کو نامہ نگاروں سے بالمشافہ خطاب کرنے والے تھے، لیکن ترجمان ڈوجارک نے کہا ہے کہ اب یہ خطاب آن لائن ہو گا، کیونکہ اقوام متحدہ کے سربراہ کئی ایسے افراد سے رابطے میں آ چکے ہیں جن کا کرونا ٹیسٹ پازیٹو آیا ہے۔

دوجارک نے بتایا کہ سیکرٹری جنرل کا معمول کا کرونا ٹیسٹ نیگیٹو ہے اور ان میں وائرس کی کوئی علامت نہیں ہے۔

اس مہینے نیویارک شہر میں کووڈ-19کے کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ شہر کے محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق نیویارک کے تقریباً 60 لاکھ شہریوں کو ویکسین کی پہلی یادونوں خوراکیں لگ چکی ہیں، جو کل آبادی کی 71 فی صد تعداد ہے۔ حالیہ دنوں میں شہر میں اومیکرون کے کیسز کی بھی نشاندہی ہوئی ہے۔

امریکی فوج میں ویکسین کی شرح 98 فی صد ہے

ایک اور خبر کے مطابق امریکی فوج کے 98 فی صدحاضرسروس اہل کاروں کو کرونا سے بچاؤ کی ویکسین کی کم ازکم ایک خوراک لگ گئی ہے جب کہ 3800 سے زیادہ اہل کاروں نے ویکسین لگوانے سے صاف انکار کر دیا ہے جن کی برطرفیاں اگلے مہینے شروع ہو جائیں گی کیونکہ فوج میں ویکسین لگوانا لازمی قرار دیا جا چکا ہے۔

ایسوسی ایٹڈ پریس کی ایک رپورٹ کے مطابق کچھ فوجیوں کو مذہبی بنیادوں پر ویکسین لگوانے سے استثنیٰ دیا گیا ہے۔ تاہم، ان کی تعداد بہت کم ہے۔

XS
SM
MD
LG