رسائی کے لنکس

سیلاب زدگان کے لیے ایک کروڑ ڈالر کی امریکی امداد


سیلاب زدگان کے لیے ایک کروڑ ڈالر کی امریکی امداد
سیلاب زدگان کے لیے ایک کروڑ ڈالر کی امریکی امداد

سیلاب سے حالیہ تباہ کاری کے بعد شروع کی گئی کارروائیوں میں مدد کے لیے امریکہ پہلے ہی چار کشتیوں اور دو پانی صاف کرنے کے پلانٹ سمیت ایک درجن تیار شدہ پل فراہم کر چکا ہے جن کو پشاور شہر اور قبائلی علاقے کرم ایجنسی میں متاثرہ پلوں کی جگہ نصب کیا جائے گا۔

امریکہ نے پاکستان میں سیلاب زدگان کے لیے ایک کروڑ ڈالر کی امداد کا اعلان کیا ہے اور یقین دلایا ہے کہ اگر امدای کارروائیوں کے لیے مزید رقم درکار ہوئی تو اس کا بھی انتظام کیا جائے گا۔

دارالحکومت اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ امداد پاکستان میں آفات سے نمٹنے کے لیے قائم قومی ادارہ این ڈی ایم اے کی جانب سے طے کی گئی ترجیحات کی بنیاد پر دی جا رہی ہے۔

امریکی محمکہ خارجہ کے ترجمان کے مطابق امریکہ اب تک ایک لاکھ حلال کھانے دس مختلف طیارون کے ذریعے پاکستان کے حوالے کر چکا ہے۔ پیر کو دو مخصوص طیاروں کے ذریعے تقریباً اکاون ہزار کھانے پاکستان پہنچائے گئے۔جبکہ پیر کو ہی یو ایس ٹرانسپورٹیسن کمانڈ کے کمانڈر جنرل ڈنکن میکنیب اپنے ساتھ طیارے میں بارہ ہزار سے زائد کھانوں کے پیکٹ لے کر اسلام آباد پہنچے۔ اتوار کی صبح امریکی ائیر فورس کے دو طیارے حلال کھانے کے تقریباً پچاس ہزار پیکٹ لے کر راولپنڈی میں چکلالہ ائیر بیس پہنچے ہیں جب کہ خطے میں موجود امریکی گوداموں سے مہیا کیے گئے لگ بھگ باسٹھ ہزار مزید پیکٹ اتوار کی رات تک پاکستانی حکام کے حوالے کر دیے گے۔ اور آنے والے دنوں میں بھی ان امدادی اشیاء کی فراہمی جاری رہے گی۔

حالیہ تباہ کاری کے بعد شروع کی گئی کارروائیوں میں مدد کے لیے امریکہ پہلے ہی چار کشتیوں اور دو پانی صاف کرنے کے پلانٹ سمیت ایک درجن تیار شدہ پل فراہم کر چکا ہے جن کو پشاور شہر اور قبائلی علاقے کرم ایجنسی میں متاثرہ پلوں کی جگہ نصب کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ امریکہ کے فوجی ہیلی کاپٹر بھی وفاقی وزارت داخلہ کی امدادی کارروائیوں میں شامل ہیں اور اب تک ساڑھے سات سو سے زائد سیلاب زدگان کو محفوظ مقامات پر منتقل کرچکے ہیں۔

امریکی سفارت خانے کے بیان کے مطا بق پانی میں پھنسے جن افراد کو اب تک منتقل نہیں کیا جا سکا ہے ان کو ہیلی کاپٹروں کے ذریعے کھانے کی اشیا اور پینے کا پانی بھی فراہم کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ ایک ہفتے کے دوران ملک کے بیشتر حصوں، خصوصاً صوبہ خیبر پختون خواہ اور قبائلی علاقوں، میں موسلادھار بارشوں سے شدید تباہی ہوئی ہے اور حکام کے مطابق مختلف اضلاع میں کم از کم آٹھ سو افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ مون سون بارشوں سے تقریباً دس لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG