رسائی کے لنکس

برطانوی ہائی کمیشن کی جانب سے پاکستان میں مباحثوں کا انعقاد


پاکستان میں مباحثوں کا یہ مقابلہ' 22ستمبر سے شروع ہوا ہے، ان تقریری مقابلوں کے انعقاد کا مقصد برطانیہ اور پاکستان کے درمیان موثر بحث اور دنشورانہ بحث کی مشترکہ ثقافت کا فروغ ہے ۔

برطانوی ہائی کمیشن کی جانب سے پاکستان 2047 کے عنوان سے طلباء کے درمیان مباحثوں کے مقابلے کا آغاز کیا گیا ہے۔

پاکستان میں مباحثوں کا مقابلہ' 22ستمبر سے شروع ہوا ہے، ان تقریری مقابلوں کے انعقاد کا مقصد برطانیہ اور پاکستان کے درمیان موثر بحث اور دنشورانہ بحث کی مشترکہ ثقافت کا فروغ ہے۔

سرکاری خبر رساں ادارے گو یو کے کے مطابق پاکستان 2047 کے موضوع پر طلباء کو پاکستان بھر کی یونیورسٹیوں کے ساتھیوں کے ساتھ عوامی خطابت، تحقیق کی مہارت اور صحت مند بحث کا موقع ملے گا اور دیکھا یہ جائے گا کہ پاکستان کی نئی نسل 2047 میں پاکستان کو کیسا دیکھنا چاہتی ہے،جب مملکت پاکستان کے سو سال مکمل ہو رہے ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کے 12 اہم شہروں میں یونیورسٹی کے طلباء کے درمیان ہونے والے مباحثوں کا مقابلہ 'دی گریٹ ڈبیٹ کمپیٹیشن ' کے سلسلے کا تیسرا انٹرسٹی مباحثہ جمعرات کو لاہور کے' ایف سی کالج ' میں منعقد کیا گیا ،جس میں طلباء اور شعبہ تعلیم کے ماہرین نے شرکت کی۔

ملک بھر میں ہونے والے مباحثوں کے مقابلے کا یہ تیسرا مقابلہ تھا اس سے قبل دو مقابلے دارالحکومت اسلام آباد اور جڑواں شہر راولپنڈی میں ہو چکے ہیں۔

لاہور کے مقابلے کی اہم بات یہ تھی کہ یہاں پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر فلپ بارٹن نے بطور گیسٹ آف آنر شرکت کی تھی ۔

اس موقع پر برطانوی ہائی کمشنر فلپ بارٹن نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ پاکستان کے پاس اقتصادی مرکز بننے کے تمام مواقع موجود ہیں جس کے لیے پاکستان کو شعبئہ تعلیم ،بنیادی ڈھانچے اور اپنے عوام میں سرمایہ کاری کرنی ہو گی اس طرح پاکستان اپنے محل وقوع اور عوام کی صلاحیتوں سے بہترین فائدہ اٹھا سکتا ہے ۔

انھوں نے کہا کہ یہ تقریری مقابلے مستقبل میں پاکستان کی باگ ڈور سنبھالنے والے آج کے نوجوانوں کے خیالات جاننے کے لیے منعقد کیے جا رہے ہیں تاکہ وہ 2047 میں پاکستان پر اثر انداز ہونے والے عوامل کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کر سکیں ۔

دی گریٹ ڈبیٹ کے ویب سائٹ کے مطابق مقابلے کے مزید نو مباحثے پاکستان کے دیگر شہروں کراچی ،حیدر آباد ،ملتان ،فیصل آباد ،سیالکوٹ ،گجرات ،پشاور ،ایبٹ آبادسمیت میر پور میں منعقد کئے جائیں گے جہاں شرکاء پاکستان کے سیاسی سماجی اور اقتصادی مسائل پر بحث کریں گے ۔

دی گریٹ ڈبیٹ مقابلوں کا سلسلہ 10نومبر تک جاری رہے گا ،جس کے بعد بارہ شہروں سے تقریری مقابلہ جیتنے والے 12 طالب علموں کے درمیان اسلام آباد میں ایک گرینڈ مقابلےکا انعقاد کیا جائے گا ،جہاں گرینڈ مباحثے کے فاتح کو برطانوی ہائی کمیشنر فلپ بارٹن کی جانب سے تعلیمی وظیفہ دیا جائے گا ۔

اسلام آباد سے دی گریٹ ڈبیٹ کی فاتح زارا شفیق ہیں جن کا تعلق انسٹیٹیوٹ آف اسپیس ٹیکنالوجی سے ہے اور دوسرا مقابلے کے فاتح دانیال احمد ہیں جن کا تعلق فاونڈیشن یونیورسٹی راولپنڈی سے ہے جب کہ لاہور سے ایف سی کالج کے جدون اسلم کو فاتح قرار دیا گیا ہے ۔

عظیم مباحثوں کے مقابلے میں شرکت کے خواہش مند دیگر شہروں سے تعلق رکھنے والے یونیورسٹی طلباء کو 'دی گریٹ ڈبیٹ ڈاٹ کام ڈاٹ پی کے ' کی ویب سائٹ پر اس بحث میں شامل ہونے کی دعوت دی گئی ہے،جہاں طالب علم خود کو رجسٹرڈ کرسکتے ہیں اور اپنے شہروں کے نام بھی دیکھ سکتے ہیں ۔

XS
SM
MD
LG