رسائی کے لنکس

​پاکستان 153 پر 3 آؤٹ، جیت کیلئے مزید 228 رنز درکار


جنوبی افریقہ کے بالر ڈین سٹین پاکستانی اوپنر شان مسعود کے خلاف اپیل کر ہے ہیں۔
جنوبی افریقہ کے بالر ڈین سٹین پاکستانی اوپنر شان مسعود کے خلاف اپیل کر ہے ہیں۔

اوپنر کے اچھے آغاز کے باوجود ٹاپ آرڈر بیٹسمینوں کے جلد آؤٹ ہونے کے باعث 381 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر 153 رنز بنائے ہیں اور اس کے 3 کھلاڑی آؤٹ ہوئے ہیں۔

جنوبی افریقہ کو سیریز میں وائٹ واش کے لئے سات وکٹیں جبکہ پاکستان کو سیریز کے آخری ٹیسٹ میں فتح کے لئے 228 رنز درکار ہیں جبکہ 7 وکٹیں ابھی باقی ہیں۔

جوہانسبرگ ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان کے اوپنرز امام الحق اور شان مسعود نے دوسری اننگز میں 67 رنزکا آغاز فراہم کیا جو حالیہ سیریز میں پاکستانی اوپنرز کا سب اچھا اوپننگ اسٹینڈ ہے۔

امام الحق 35 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے تو اسکور میں صرف 7 رنز کے اضافے پر شان مسعود نے بھی پویلین کی راہ لی۔

اظہر علی اس بار بھی ٹیم کے لئے کچھ نہ کر سکے اور صرف 15 رنز پر اُن کی اننگز تمام ہو گئی۔ حالیہ سیریز کی چھ اننگز میں انہوں نے 9 اعشاریہ 8 کی اوسط سے مجموعی طور پر59 رنز بنائے جس میں دو مرتبہ صفر پر آؤٹ ہوئے جبکہ فیلڈنگ کے دوران خراب تکنیک کی وجہ سے انہوں نے سلپ میں متعدد کیچ ڈراپ کیے جس کا خمیازہ ٹیم کو بھگتنا پڑا۔

ایک کے بعد ایک وکٹ گرنے سے پاکستان ٹیم دباؤ کا شکار ہو گئی تاہم اسد شفیق اور بابر اعظم نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے اننگز کو آگے بڑھایا اور کھیل کے اختتام تک مزید کوئی وکٹ گنوائے اسکور 153 تک پہنچا دیا۔

کھیل کے اختتام پر اسد شفیق 48 اور بابر اعظم 17 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ تھے۔

پاکستان کو سیریز میں اپنی پہلی فتح اور وائٹ واش سے بچنے کے لئے مزید 228 رنز کی ضرورت ہے اور اُس کی7 وکٹیں ابھی باقی ہیں۔

جنوبی افریقہ کی طرف سے ڈیل اسٹین نے 2 اور آلیویئر نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے پہلے ڈی کوک کی شاندار سنچری کی بدولت جنوبی افریقہ کی ٹیم نے اپنی دوسری اننگز میں 303 رنز بنائے تھے۔ اس طرح پاکستان کو جیت کے 303 رنز کا ہدف ملا تھا۔

XS
SM
MD
LG