رسائی کے لنکس

کرکٹ ورلڈ کپ: انگلینڈ کے خلاف جیت کے بعد پاکستانی ٹیم پر جرمانہ


کپتان سرفراز احمد اور دیگر کھلاڑی انگلینڈ کے خلاف میچ جیتنے کے بعد گراؤنڈ سے واپس آ رہے ہیں۔
کپتان سرفراز احمد اور دیگر کھلاڑی انگلینڈ کے خلاف میچ جیتنے کے بعد گراؤنڈ سے واپس آ رہے ہیں۔

ورلڈ کپ کے دوسرے میچ میں پاکستانی ٹیم کی انگلینڈ کے خلاف جیت کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سلو اوور ریٹ کے باعث کپتان سرفراز احمد پر میچ فیس کا 20 فیصد اور ٹیم کے باقی تمام کھلاڑیوں پر 10 فیصد جرمانہ عائد کر دیا ہے۔

آئی سی سی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی ٹیم نے مقررہ وقت میں ایک اوور کم کرایا جس کے باعث آئی سی سی قوانین کے تحت یہ جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

اگر پاکستانی ٹیم نے آئندہ میچوں میں مقررہ وقت کے دوران اوور مکمل نہ کیے تو کپتان سرفراز احمد کو ایک میچ کی پابندی کا سامنا ہو سکتا ہے۔

دوسری جانب انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم نے بھی مقررہ وقت میں تین اوور کم کرائے۔ تاہم آئی سی سی کی جانب سے انگلینڈ کے خلاف جرمانے کا فیصلہ ابھی نہیں کیا گیا ہے۔ لیکن تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے کپتان ائن مارگن پر ایک میچ کی پابندی عائد ہو سکتی ہے۔

ادھر انگلینڈ کے دو کھلاڑیوں جیسن روئے اور جوفرا آرچر کو میچ کے دوران نازیبا الفاظ استعمال کرنے پر آئی سی سی رولز کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا ہے اور ان پر میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

جیسن روئے پر یہ جرمانہ میچ کے چودھویں اوور میں مس فیلڈنگ کے دوران آئی سی سی رولز کی خلاف ورزی پر عائد کیا گیا جب ان کی طرف سے ادا ہونے والے نازیبا الفاظ امپائر نے سنے۔

اسی طرح انگلینڈ کے فاسٹ بالر آرچر پر میچ کے 27 ویں اوور میں غیر مناسب الفاظ ادا کرنے پر جرمانہ عائد کیا گیا جب انہوں نے امپائر کے فیصلے پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔ ان دونوں کھلاڑیوں کو ایک ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی دیا گیا ہے جو ان کے ریکارڈ میں شامل ہو گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG