رسائی کے لنکس

پاکستان آ کر کھیلنے کے لیے کسی ٹیم کی ’’منت نہ کریں‘‘


فائل
فائل

وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کا ایک ’’اپنا مقام ہے‘‘ اور جلد وہ وقت آئے گا جب بین الاقوامی کرکٹ ٹیمیں پاکستان کھیلنے کے لیے آئیں گی

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2017 کی فاتح پاکستانی ٹیم کے لیے وزیر اعظم نواز شریف کی طرف سے منگل کو اسلام آباد میں ایک خصوصی استقبالیے کا اہتمام کیا گیا۔

لندن کے اوول گراؤنڈ میں 18 جون کو کھیلے گئے فائنل میچ میں پاکستان نے بھارت کو 339 رنز کا ہدف دیا تھا، جس کے تعاقب میں بھارت کی پوری ٹیم 158 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

پاکستانی ٹیم کی اس کامیابی کے بعد وزیر اعظم نواز شریف نے قومی کرکٹ ٹیم کے 16 کھلاڑیوں کو ایک ایک کروڑ روپے جب کہ ٹیم انتظامیہ کے آٹھ عہدیداروں کو پچاس پچاس لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا تھا۔

وزیر اعظم سیکریٹریٹ میں منگل کو ہونے والی تقریب میں کھلاڑیوں اور ٹیم انتظامیہ کو انعامات دیئے گئے۔

اس موقع پر وزیر اعظم نواز شریف نے خطاب کرتے ہوئے جہاں قومی ٹیم کو مبارکباد دی۔ وہیں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان اور پاکستان سپر لیگ کے سربراہ نجم سیٹھی سے کہا کہ ’’کسی ٹیم کی یا کسی ملک کی منت نہ کریں کہ پاکستان میں آ کر کھیلو۔‘‘

اُنھوں نے کہا کہ پاکستان کا ایک ’’اپنا مقام ہے‘‘ اور جلد وہ وقت آئے گا جب بین الاقوامی کرکٹ ٹیمیں پاکستان کھیلنے کے لیے آئیں گی۔

واضح رہے کہ 2009 میں لاہور میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر دہشت گردوں کے حملے بعد سے بین الاقوامی کرکٹ ٹیمیں پاکستان میں آ کر کھیلنے سے گریز کرتی رہی ہیں۔

2009 کے بعد زمبابوے وہ واحد کرکٹ ٹیم تھی جس نے 2015 میں پاکستان آ کر کچھ میچ کھیلے۔

ایسے حالات میں جب بین الاقوامی کرکٹ ٹیمیں اور کھلاڑی سلامتی کے خدشات کے سبب پاکستان آنے سے گزیزاں تھے، پاکستان کو اپنی دوطرفہ سیریز کی میزبانی متحدہ عرب امارات میں کرنا پڑی۔

لیکن پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کا فائنل رواں سال لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کروایا گیا، جس میں کئی بین الاقوامی کھلاڑیوں نے بھی شرکت کی تھی۔

XS
SM
MD
LG