رسائی کے لنکس

عمران خان کا بلوچستان کا دورہ، کئی ترقیاتی منصوبوں کا اعلان


عمران خان کوئٹہ میں میڈیکل کمپلکس کے سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر تقریر کر رہے ہیں۔ 29 مارچ 2019
عمران خان کوئٹہ میں میڈیکل کمپلکس کے سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر تقریر کر رہے ہیں۔ 29 مارچ 2019

وزیر اعظم عمران خان جمعے کے روز کوئٹہ کے ایک روز دورے پر پہنچے جہاں انہوں نے کئی ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا، جن میں بلوچستان ہیلتھ کمپلیکس کا سنگ بنیاد شامل ہے۔

اس موقع پر اپنی تقریر میں عمران خان نے کہا کہ وہ فوج کے سربراہ جنرل قمر باجوہ کے شکر گزار ہیں جنہوں نے اس منصوبے کی تعمیر کے لیے اپنے اثر و رسوخ سے متحدہ عرب امارات سے فنڈز کا انتظام کیا ۔

انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ کوئٹہ میڈیکل سٹی کا ایک حصہ ہے اور یہاں ہم ایک کینسر اسپتال بھی تعمیر کریں گے۔ اس کے علاوہ یہاں طب سے متعلق دیگر شعبے بھی قائم کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم بلوچستان کو خصوصی طور پر ترقی دے رہے ہیں اور کوئٹہ سے ایران کے علاقے تفتان تک ریلوے لائن کی تعمیر کے ایک منصوبے پر بھی کام جاری ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ہم بلوچستان کے عوام کے دلوں سے یہ خوف دور کرنا چاہتے ہیں کہ وہ اپنے صوبے میں اقلیت بن جائیں گے اور روزگار کے مواقع دوسروں کو مل جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مقامی ہنرمند افراد کی تعداد بڑھانے کے لیے یہاں ٹیکنیکل اور دوسری مہارتوں کی تربیت دینے والے ادارے قائم کرنا چاہتے ہیں اور اس سلسلے میں وزیراعلیٰ بلوچستان سے تعاون کریں گے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ سی پیک روٹ کا مغربی راستہ بلوچستان کے لیے گیم چینجر ثابت ہو گا جس سے اس صوبے کا مستقبل تابناک ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ ژوب ہائی کی تعمیر سے ترقی کی راستے کھلیں گے۔

پاکستان کی فوج کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نے پاکستان کی فوج، اور بلوچستان کی حکومت کے مشترکہ منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے۔ ان منصوبوں میں کوئٹہ میں دل کے امراض کا اسپتال اور کوئٹہ ژوب موٹر وے شامل ہے۔

فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ میں ایک ماحول دوست بائیو میڈیکل ورکشاپ اور ویسٹ منیجمنٹ پلانٹ کی تعمیر بھی کی جائے گی جس سے پس ماندہ علاقوں میں معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی۔

بعد ازاں عمران خان کوئٹہ سے گوادر گئے جہاں انہوں نے ایک تقریب میں تقریر کرتے ہوئے ہر خاندان کو 7 لاکھ 20 ہزار روپے مالیت کے ہیلتھ کارڈ دینے کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ماہی گیروں کی فلاح و بہود اور ترقی کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اور گوادر کو بجلی کی بلا روک ٹوک فراہمی کے لیے جلد ہی نیشنل گرڈ سے ملا دیا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG