رسائی کے لنکس

پاکستان، آسٹریلیا پہلا ون ڈے جمعے کو کھیلا جائے گا


فائل تصویر
فائل تصویر

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ جمعے کو شارجہ میں کھیلا جائے گا۔

قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد سمیت چھ کھلاڑیوں کو آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں آرام کا موقع دیا گیا ہے۔ سرفراز کی جگہ شعیب ملک ٹیم کی قیادت کریں گے۔

سولہ رکنی قومی اسکواڈ میں امام الحق، شان مسعود، عمر اکمل، حارث سہیل، شعیب ملک، عماد وسیم، فہیم اشرف، محمد رضوان، محمد عامر، جنید خان، محمد عباس، عثمان خان شنواری، یاسر شاہ، سعد علی اور محمد حسنین شامل ہیں۔

آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان اب تک 98 ایک روزہ بین الاقوامی میچز کھیلے جا چکے ہیں جن میں 62 فتوحات کے ساتھ آسٹریلیا کا پلہ بھاری ہے۔ پاکستان نے 32 میچوں میں کامیابی حاصل کی۔ ایک میچ برابر رہا جب کہ تین کا کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوسکا۔

متحدہ عرب امارات میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ایک روزہ بین الاقوامی سیریز کھیلی جاچکی ہیں جن میں تمام آسٹریلیا نے جیتیں۔

آخری مرتبہ پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف 2002ء میں سیریز جیتی تھی۔ پاکستان نے وقار یونس کی قیادت میں آسٹریلیا کو اُس کی سرزمین پر 1-2 سے شکست دی تھی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان کسی بھی میچ میں سب بڑا مجموعہ سات وکٹوں کے نقصان پر 369 رنز ہے جو آسٹریلیا نے 26 جنوری 2017ء کو ایڈیلیڈ میں بنایا تھا۔ سب سے کم اسکور 108 رنز ہے جو پاکستان نے 30 اگست 2002ء کو نیروبی میں بنایا۔

کسی بھی ٹیم کی سب سے بڑی جیت آسٹریلیا کی 224 رنز سے کامیابی ہے۔ اس میچ میں آسٹریلیا نے جیت کے لیے 333 رنز کا ہدف دیا تھا۔ جواب میں پاکستان کی ٹیم 108 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔

سب سے کم مارجن سے جیت بھی آسٹریلیا ہی کے نام رہی۔ اس نے 12 اکتوبر 2014ء کو ابوظہبی میں پاکستان کو ایک رن سے شکست دی تھی۔ آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 232 رنز بنائے تھے۔ جواب میں پاکستانی ٹیم نے 231 رنز بنائے۔

پاکستان نے 20 فروری 1990ء کو سڈنی میں آسٹریلیا کو دو رنز سے ہرایا تھا۔ پاکستان کے 221 رنز کے جواب میں آسٹریلوی ٹیم نے 219 رنز بنائے تھے۔

دونوں ملکوں کے چار کھلاڑی ایسے ہیں جو ایک دوسرے کے خلاف 1000 یا اُس سے زائد رنز بناچکے ہیں۔ رکی پونٹنگ (1107)، جاوید میانداد (1019)، محمد یوسف (1016) اور اسٹیو وا نے (1003) رنز بنائے ہیں۔

بیٹسمینوں کی سب سے بڑی انفرادی اننگز میں پہلے 10 نمبر پر آسٹریلوی کھلاڑی ہیں۔ سب سے بڑی اننگز ڈیوڈ وارنر نے 26 جنوری 2017ء کو ایڈیلیڈ میں 179 رنز کی کھیلی۔

آسٹریلیا کے خلاف کسی بھی پاکستانی کھلاڑی کا سب سے بڑا اسکور کامران اکمل کے 116 رنز ناٹ آؤٹ ہیں جو انہوں نے 3 مئی 2009ء کو ابو ظہبی میں بنائے تھے۔

سب سے زیادہ سینچریوں میں بھی آسٹریلوی کھلاڑیوں کو برتری حاصل ہے۔ اسٹیو اسمتھ، ڈیوڈ وارنر، اینڈریو سائمنڈ اور مائیکل کلارک 2،2 سینچریاں بناچکے ہیں جب کہ پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ ظہیر عباس نے دو سینچریاں اسکور کیں۔

اس کے علاوہ بابر اعظم، محسن خان، کامران اکمل، محمد یوسف، سعید انور اور اعجاز احمد نے ایک، ایک سینچری بنائی ہے۔

آسٹریلیا کے خلاف سب سے زیادہ صفر پر اعجاز احمد اور شاہد آفریدی 6،6 مرتبہ آؤٹ ہوئے۔ آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ اور اسٹیو وا پاکستان کے خلاف 4،4 مرتبہ بغیر اسکور کیے پویلین لوٹے۔

شاہد آفریدی اور وسیم اکرم بالترتیب 26 اور 27 چھکوں کے ساتھ سب سے زیادہ چھکے لگانے والے بیٹسمین ہیں۔ پاکستان کے خلاف آسٹریلیا کی طرف سے کسی ایک اننگز میں سب سے زیادہ مائیکل ہیڈن نے 6 چھکے لگائے۔

بالرز کی بات کی جائے تو پاکستان کے سابق فاسٹ بالر وسیم اکرم 67 وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بالر ہیں۔ اُن کی بہترین بالنگ 22 رنز دے کر پانچ وکٹیں ہے۔

آسٹریلیا کے گلین مک گرا نے 57 وکٹیں حاصل کیں۔ شاہد آفریدی 49 وکٹوں کے ساتھ تیسرے کامیاب بالر ہیں۔

ایک اننگز میں کسی بھی بالر کی بہترین کارکردگی شاہد آفریدی اور وقاریونس کی ہے۔ انہوں نے 6،6 وکٹیں حاصل کیں۔

آسٹریلیا کے گلین مک گرا نے ایک اننگز میں پانچ وکٹوں کا کارنامہ تین مرتبہ سر انجام دیا جب کہ ریان ہیرس اور جیسن گلیسپی نے بالترتیب 2 اور 3 مرتبہ ایک اننگز میں پانچ یا اس سے زائد وکٹیں لیں۔

XS
SM
MD
LG