رسائی کے لنکس

logo-print

بنوں: قبائلی شہری کے ہاں 37 ویں بچے کی پیدائش


گلزار خان اب بنوں کے ایک گائوں ملتانی لنڈیاک میں اپنی تین بیویوں اور 37 بچوں سمیت رہائش پذیر ہیں۔

پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے قبائلی شہری گلزار خان کے ہاں ایک اور بچے کی پیدائش ہوئی ہے جس کے بعد ان کے بچوں کی تعداد 37 ہوگئی ہے۔

پیینسٹھ سالہ گلزارخان جون 2014ء میں شمالی وزیرستان میں عسکریت پسندوں کے خلاف شروع کی جانے والی فوجی کاروائی کے بعد گھر بار چھوڑ کر خیبر پختونخوا کے علاقے بنوں منتقل ہوگئے تھے۔

گلزار خان اب بنوں کے ایک گائوں ملتانی لنڈیاک میں اپنی تین بیویوں اور 37 بچوں سمیت رہائش پذیر ہیں۔

گلزار خان کے بچوں میں 13 بیٹے اور 24 بیٹیاں شامل ہیں۔

سینتیسویں بچے کی پیدائش کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے گلزار خان نے چوتھی شادی کرنے اور مزید بچے پیدا کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

گلزار خان کا کہنا تھا کہ اتنے بڑے خاندان کے اخراجات پورا کرنا ان کے لیے بہت مشکل ہے جس کی وجہ سے وہ چوتھی شادی کی اپنی خواہش پوری کرنے سے قاصر ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ وہ اپنے روز مرہ کے اخراجات پورے کرنے کے لیے اپنی آبائی زمین فروخت کرنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے حکومت سے اپنے لیے امداد کی بھی اپیل کی ہے۔

اس سے قبل گزشتہ برس کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے سردار جان محمد خلجی منظرِ عام پر آئے تھے جن کے 35 بچے ہیں۔

فیس بک فورم

XS
SM
MD
LG