پاکستانی طالبان کے ایک ترجمان نے نیویارک کے تقریحی مرکز ٹائمز اسکوائر میں ناکام بم دھماکے میں گرفتارکیے جانے والے شخص سے اپنے رابطوں سے انکار کیا ہے۔
اعظم طارق نے جمعرات کے روز ٹیلی فون پر نیوز ایجنسیوں کو بتایا کہ ان کے گروپ کا اس 30 سالہ پاکستانی امریکن فیصل شہزاد سے کوئی تعلق نہیں ہے جسے اس ہفتے کے شروع میں ایک طیارے پر سے اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب وہ نیویارک چھوڑ کردبئی جارہا تھا۔
پاکستانی طالبان نے ہفتے کے روز اس حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔
جمعرات ہی کے روز پاکستان کے وزیر داخلہ رحمن ملک نے خبررساں ادارے روئیٹر کو بتایا کہ پاکستان کو ابھی تک امریکہ سے مدد کے سلسلے میں کوئی باضابطہ درخواست نہیں ملی ، لیکن ان کاملک ان تحقیقات میں پوری طرح مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
واشنگٹن میں امریکی اٹارنی جنرل ایرک ہوہلڈر نے کہا ہے کہ مشتبہ شخص مفید معلومات فراہم کررہاہے کہ حکام متعدد پہلوؤں پر کام کررہے ہیں۔